برطانیہ :شہزادہ اینڈریو کا نیا مالیاتی سکینڈل
لندن ( اے ایف پی )برطانیہ کے معتوب شہزادے اینڈریو کے حوالے سے ایک نیا مالیاتی سکینڈل سامنے آیا ہے ۔
سرکاری آڈٹ رپورٹ کے مطابق شہزادہ اینڈریو گزشتہ بیس سال سے زائد عرصے سے ایک بڑے شاہی محل (رائل لاج) میں بالکل مفت رہ رہے تھے ، لیکن انہوں نے اس محل کے احاطے میں بنے تین چھوٹے گھر دوسروں کو کرائے پر دے رکھے تھے اور ان کا کرایہ خود بٹور رہے تھے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اس کرائے سے کتنے لاکھ یا کروڑ روپے کمائے ، تاہم وہ مکانات اسی سال اپریل سے خالی پڑے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو کی دونوں بیٹیاں، جو شاہی خاندان کیلئے کوئی سرکاری کام نہیں کرتیں، وہ بھی شاہی محلات کے قیمتی اپارٹمنٹس میں رہتی ہیں اور ان کا بھاری کرایہ کنگ چارلس اپنی ذاتی جیب سے ادا کرتے ہیں۔یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو ایک بدنام امریکی مجرم ایپسٹین کے ساتھ تعلقات کے باعث شدید تنقید کی زد میں تھے ، جس کے بعد گزشتہ سال ان سے تمام شاہی خطابات اور عہدے واپس لے لیے گئے تھے ۔