نیدرلینڈز کے وزیراعظم نے انڈونیشیا کی مولوقان کمیونٹی سے ریاستی سطح پر باضابطہ معافی مانگ لی
دی ہیگ(اے ایف پی) نیدرلینڈز کے وزیراعظم روب جیٹن نے مولوقان کمیونٹی سے ریاستی سطح پر باضابطہ معافی مانگی ہے ۔
مولوقان افراد انڈونیشیا کے مشرقی ’’اسپائس آئی لینڈز‘‘سے تعلق رکھتے ہیں، دوسری عالمی جنگ کے بعد آزادی کی جدوجہد کے دوران ڈچ نوآبادیاتی فوج میں خدمات انجام دے چکے تھے ۔ 1949 میں انڈونیشیا کی آزادی کے بعد تقریباً12ہزار500مولوقان افراد کو ڈچ حکومت کی جانب سے نیدرلینڈز منتقل کیا گیا، تاکہ وہ ممکنہ انتقامی کارروائیوں سے بچ سکیں۔ابتدا میں انہیں عارضی طور پر رکھا جانا تھا ،بعد میں وطن واپسی کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم یہ وعدہ پورا نہ ہو سکا اور انہیں انتہائی ناقص حالات میں رکھا گیا، جبکہ سماج میں انضمام اور روزگار کے مواقع بھی فراہم نہیں کیے گئے ۔روٹرڈیم میں ایک یادگار کی نقاب کشائی کے موقع پر وزیرِاعظم نے جذباتی انداز میں کہا کہ یہ معافی مانگنے کا بہت دیر سے مگر ضروری وقت تھا۔انہوں نے کہاناقص رہائش اور دیگر مسائل پر میں نیدرلینڈز کی حکومت کی جانب سے معذرت پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کی غلطیوں کو صرف الفاظ سے ختم نہیں کیا جا سکتا، لیکن یہ معافی ایک تاریخی انصاف اور اعتراف کی علامت ہے ۔