دہشتگرد گروہ جدید ٹیکنالوجیز میں ماہر ہو چکے :انتونیو گوتریس
اقوام متحدہ(اے پی پی)اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں دہشت گرد بھرتی، مالی وسائل کے حصول اور اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز کا بڑھ چڑھ کر استعمال کر رہے ہیں۔۔۔
گزشتہ روز عالمی ادارے کے رکن ممالک کی انسدادِ دہشت گردی ایجنسیوں کے سربراہوں کی چوتھی اعلیٰ سطح کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد خود کو نئے حالات کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجیز نے ان کے لیے مالی وسائل حاصل کرنا اور بھرتی کو آسان بنا دیا ہے ۔ دہشت گرد مصنوعی ذہانت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے میں مہارت حاصل کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہی ٹیکنالوجی دہشت گردی کے خلاف موثر ہتھیار بھی ثابت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی خطرات کی بروقت نشاندہی، غیر قانونی مالی وسائل کی ترسیل روکنے اور دہشت گردانہ انتہا پسندی کی جانب لے جانے والے عوامل کو سمجھنے کے لیے بھی طاقتور ذرائع فراہم کرتی ہے ۔