برطانیہ :خواتین کو نشہ آور دوا دیکرجنسی زیادتی ،8افراد گرفتار
عالمی نیٹ ورک درجنوں ملکوں میں موجود،270افراد کی نشاندہی کی جا چکی 14 ملکوں میں الگ الگ تحقیقات جاری ،لندن میں تفتیش کاروں کا بڑا اجلاس
لندن (اے ایف پی)برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے خواتین کو نشہ آور ادویات دے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانیوالے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کی تحقیقات کے سلسلے میں 8افراد کو گرفتار کر لیا ۔حکام کے مطابق یہ مقدمہ فرانس کی خاتون جیزیل پیلیکو کے ہائی پروفائل کیس سے مشابہت رکھتا ہے ، جنہیں ان کے سابق شوہر ڈومینیک پیلیکو نے تقریباً ایک دہائی تک نشہ آور ادویات دے کر اجنبی افراد کے ذریعے جنسی زیادتی کا نشانہ بنوایا تھا۔ 2025 میں اس مقدمے کے فیصلے کے بعد جرمنی، نیدرلینڈز اور دیگر یورپی ممالک میں بھی اسی نوعیت کے کئی واقعات سامنے آئے ۔این سی اے کے مطابق جرمن صحافیوں کی 2025 کی تحقیقات کے بعد ایک آن لائن فورم کا سراغ ملا، جس کے ذریعے ایسے جرائم کی منصوبہ بندی اور سہولت فراہم کی جا رہی تھی۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس نیٹ ورک کے ارکان دنیا کے درجنوں ممالک میں موجود ہیں۔نیشنل کرائم ایجنسی نے بتایا کہ برطانیہ میں اس پلیٹ فارم سے متعلق تحقیقات کے نتیجے میں 8 افراد گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ برطانیہ اور دیگر ممالک میں مجموعی طور پر 14الگ الگ تحقیقات جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے برازیل، کینیڈا، فرانس، ہنگری، نیدرلینڈز، سپین، امریکااور یوروپول کے تفتیش کار لندن میں جمع ہوئے تاکہ ممکنہ متاثرین اور مقدمات سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا جا سکے ۔این سی اے کے مطابق اس فورم اور اس سے منسلک پلیٹ فارمز سے وابستہ 270 سے زائد افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے ۔