شہباشریف ترکیہ پہنچ گئے ، اردوان سے ملاقات کرینگے
علاقائی امن،تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوگی وزیراعظم پاکستان کی میزبانی میں بزنس کانفرنس سے خطاب کرینگے
استنبول(دنیا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر استنبول پہنچ گئے ۔ اتاترک ایئر پورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کی وزارت خارجہ اور سفارت خانے کے دیگر افسروں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما پاک۔ترکیہ دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تفصیلی بات چیت کریں گے ۔ملاقات میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے ۔وزیر اعظم شہباز شریف استنبول میں قیام کے دوران، پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے ، جس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی ،نجکاری اور دیگر شعبوں میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔