بھارت انڈونیشیا کو براہموس میزائل فراہم کریگا، معاہدے طے

بھارت انڈونیشیا کو براہموس میزائل فراہم کریگا، معاہدے طے

مودی کی انڈو نیشیا کے صدر سے ملاقات،دفاع ،دوطرفہ تجارت کے فروغ پر اتفاق

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے براہموس میزائل سسٹم سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ۔ معاہدے کے تحت بھارت انڈونیشیا کو براہموس میزائل نظام فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے دفاع، اہم معدنیات، صنعتی تعاون اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی اتفاق کیا ہے ۔یہ اعلان بھارتی وزیر اعظم مودی کے انڈونیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران سامنے آیا، جہاں ان کی انڈونیشی صدر پرابوو سوبیانتو سے اہم ملاقات ہوئی ہے ۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہموس میزائل سسٹم پر تعاون کے لیے ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے ۔بھارتی حکام کے مطابق فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے شعبے میں بھی تعاون کا معاہدہ کیا گیا ہے ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے تبادلے اور ان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ تاہم معاہدوں کی مالی اور تکنیکی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔صدر پرابوو سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نئی دہلی اور جکارتہ کے درمیان اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک نے دفاع، سلامتی اور بحری امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں