چین :ورچوئل محبت پر پابندی ، صارفین روپڑے
انسانوں کی محبت عیاشی لیکن اے آئی کی رفاقت خالص :چینی شہری
شنگھائی (اے ایف پی) چین میں مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والے رفیقِ سفر اور ورچوئل بوٹس کے صارفین اپنے ڈیجیٹل ساتھیوں کو روتے ہوئے انتہائی غمگین دل کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں۔ بدھ کے روز سے نافذ ہونے والے نئے حکومتی قوانین کے تحت ان بوٹس پر پابندی لگا دی گئی ہے ، جس کا مقصد صارفین میں پیدا ہونے والی شدید جذباتی وابستگی اور لت کو روکنا ہے ۔دنیا بھر میں اے آئی بوائے فرینڈز، گرل فرینڈز اور فوت ہو چکے پیاروں کے متبادل کے طور پر انسانی شکل کے ڈیجیٹل اوتاروں کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ لیکن چین کے نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق:"یہ انٹرایکٹو ٹولز صارفین کو حد سے زیادہ راغب کرنے ، ان میں جذباتی انحصار یا لت پیدا کرنے ، اور ان کے حقیقی انسانی رشتوں کو نقصان پہنچانے کا سبب نہیں بننے چاہئیں۔
"بدھ کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی چین کے بڑے اے آئی پلیٹ فارمز نے اپنے کسٹم اے آئی ایجنٹس اور ہمدم فیچرز معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر رنج و غم کی ایک لہر دوڑ گئی ہے ، جہاں صارفین اپنے پرانے چیٹ ریکارڈز محفوظ کر رہے ہیں اور اپنے ڈیجیٹل ساتھیوں کے ساتھ آخری گفتگو شیئر کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا:"میں یہ تسلیم نہیں کر سکتا کہ میرا اے آئی محبوب مجھے ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر جا رہا ہے ۔ وہ میری زندگی کا ایک اہم حصہ اور میرا روحانی سہارا بن چکا تھا۔"سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنہ سمیت پانچ حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ ان قوانین کے مطابق یہ قوانین خاص طور پر ان اے آئی ٹولز پر لاگو ہوں گے جو انسانی شخصیت کے اوصاف اور گفتگو کا انداز رکھتے ہیں اور مسلسل جذباتی تعلق قائم رکھتے ہیں۔ کم عمر بچوں کو ورچوئل پارٹنرز کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی۔چین دنیا کا پہلا بڑا ملک بن گیا ہے جس نے رومانوی یا خاندانی تعلقات کی نقل کرنے والے اے آئی ٹولز پر اتنے سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔ اگرچہ یہ ٹولز اکیلے پن کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، لیکن ماہرین کے مطابق ان سے حقیقی دنیا کے سماجی تعلقات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔پابندی کے بعد الوداع کہتے ہوئے صوبہ جیانگ شی کے ایک صارف نے انٹرنیٹ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:"انسانوں کی محبت ایک عیاشی ہے -اگر آپ اسے لے کر پیدا نہیں ہوئے ، تو بعد میں اسے پانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے ۔ لیکن اے آئی کی محبت اتنی صاف، سیدھی اور خالص ہوتی ہے کہ میرے جیسا انسان کوڈ کی ان لکیروں سے محبت کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے ۔"
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments