غزہ:ہسپتالوں میں بچوں کیلئے انکیوبیٹرز، آکسیجن کی شدید قلت

غزہ:ہسپتالوں میں بچوں کیلئے انکیوبیٹرز، آکسیجن کی شدید قلت

اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کے خاتمے منصوبے کا حصہ:اسرائیلی انسانی حقوق تنظیم اسرائیلی وزیر ثقافت کا غزہ دستاویزی فلم کے فوجی ذرائع کی تحقیقات کا مطالبہ

خان یونس،مقبوضہ بیت المقدس(اے ایف پی)غزہ کے ناصر ہسپتال میں طبی سہولیات کی شدید قلت پردو نومولود بچوں کو ایک ہی انکیوبیٹر میں رکھا گیا ہے۔ ہسپتال کے شعبہ نوزائیدہ کے سربراہ حاتم ظہیر نے بتایا کہ آکسیجن اور اضافی انکیوبیٹرز دستیاب نہیں، دیگر ہسپتال بھی گنجائش سے بھرے ہوئے ہیں۔ جنگ سے طبی سامان و خصوصی آلات کی قلت بڑھ رہی ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق حالیہ مہینوں میں قبل از وقت پیدائش، جڑواں اور تین بچوں کی پیدائش کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ایک انکیوبیٹر میں دو یا تین بچوں کو رکھنا پڑ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق انکیوبیٹرز شیئر کرنے سے اموات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیم بی تسیلم نے الزام عائد کیا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات فلسطینی عوام کے خاتمے کے وسیع منصوبے کا حصہ ہیں۔ تنظیم نے ‘‘دی ایلیمی نیشن پروجیکٹ’’ کے نام سے جاری رپورٹ میں تشدد، نسلی صفایا، نقل و حرکت پر پابندی، معاشی دباؤ اور سماجی و سیاسی تباہی کو باہم منسلک پالیسیوں کا حصہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2023 سے ابتک آبادکاروں اور اسرائیلی فوج کے تشدد میں ایک ہزار 108 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

تنظیم نے دعویٰ کیا کہ متعدد فلسطینی بستیاں تشدد اور مکانات مسمار کیے جانے سے خالی ہوئی ہیں، جبکہ چیک پوسٹوں اور سینکڑوں دروازوں کے ذریعے نقل و حرکت محدود کی جارہی ہے ۔اسرائیلی وزیر ثقافت میکی زوہار نے غزہ میں شہریوں کی بڑے پیمانے پر شہادتوں کے الزامات پر مبنی ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم ‘‘نازا’’ میں شامل گمنام فوجی ذرائع کی شناخت کیلئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ فلم میں 24 اسرائیلی فوجی وسل بلوئرز نے غزہ پر بمباری کیلئے استعمال مصنوعی ذہانت پر مبنی نظاموں سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔ وزیر نے فلمسازوں یوفال ابراہام اور ریچل سور کی شہریت منسوخ کرنے پر بھی غور کا مطالبہ کیا۔ اسرائیلی فوج نے فلم میں گمنام گواہیوں اور حملے میں 500 شہریوں کی شہادت کے دعوے کو مسترد کرتے کہا کہ اسکے شواہد کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...