امریکا اورایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری :قطر
ایرانی ناکہ بندی:امریکا کا 130 تجارتی جہاز موڑنے ، 13 تباہ کرنیکا دعویٰ امریکا کی غیر ملکی مالیاتی اداروں کو ایران سے لین دین پر پابندیوں کی دھمکی ایران نے میزائل پروگرام کے تجربہ کار عہدیدار کو وزیر دفاع نامزد کردیا
دوحہ،واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں)قطر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں بدستور جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ بھی رکا نہیں ہے ۔قطری وزارتِ خارجہ کے شعبہ اطلاعات کے ڈائریکٹر ابراہیم بن سلطان الہاشمی نے کہا کہ قطر واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے اور مذاکرات کا مقصد ایسے حل تک پہنچنا ہے جس پر آگے پیش رفت ممکن ہو۔ ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت جاری ہے ۔ ایران کے خلاف جاری امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران امریکی افواج نے مشرقِ وسطیٰ میں 130 تجارتی جہازوں کا رخ موڑنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سینٹ کام کے مطابق امریکی افواج نے ایسے تین جہازوں کو ناکارہ بھی بنایا جو امریکی احکامات پر عمل کرنے سے انکار کررہے تھے ۔امریکا نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ایران یا اس کے بینکاری شعبے کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھا تو انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کے نئے وزیر دفاع کیلئے میزائل پروگرام سے وابستہ تجربہ کار عہدیدار مہرداد اخلاقی کتابچی کو نامزد کردیا ۔ایران کے سابق وزیر دفاع عزیز ناصرزادہ جنگ کے آغاز میں ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments