بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75برس کی عمر میں چل بسے
اپنے فلیٹ میں بے ہوشی کی حالت میں ملے ،بظاہر دل کا دورہ موت کی وجہ بنا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر ، 3 نیشنل فلم ایوارڈز ، پدم شری کا اعزاز حاصل کیا
نئی دہلی (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک )معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر 75برس کی عمر میں چل بسے ،ان کو گزشتہ روز علی الصبح بے ہوشی کی حالت میں گوا کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی،ان کی موت بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے ،بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر گوا میں اپنے فلیٹ میں سینے میں شدید درد کی شکایت کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے ، نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کے مطابق اداکار کی جانب سے سینے میں درد کی شکایت کے بعد طبی ٹیم کو ان کے فلیٹ پر بھیجا گیا تھا،ٹیم کے پہنچنے پر اداکار بے ہوش پڑے تھے ، بعد ازاں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بجکر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی،نانا پاٹیکر کی موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے آج پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی و مراٹھی سینما کے انتہائی باوقار اداکاروں میں شمار ہوتے تھے ۔ انہوں نے 1978 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور ‘پرندہ’، ‘کرانتی ویر’، ‘اگنی ساکشی’، ‘خاموشی، دی میوزیکل’، ‘اب تک چھپن’ اور ‘ویلکم’ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ، نانا پاٹیکر کو 3 نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ انہیں 2013 میں پدم شری کا اعزاز بھی دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments