حوثیوں کو حملوں کے نتائج بھگتنا ہوں گے :سعودی کابینہ
سعودی اتحاد کا یمنی دارالحکومت صنعا و دیگر شہروں میں آئل تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ آرامکو ہیڈکوارٹر کے قریب دھماکے ،ریاض میں 3ڈرونز مار گرائے :سعودی فوجی اتحاد
ریاض ،صنعا(نیوز ایجنسیاں)سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ مملکت کی سلامتی اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی اور آبنائے باب المندب میں آزادانہ جہاز رانی کو لاحق خطرات برداشت نہیں کرے گا۔ کابینہ نے خبردار کیا کہ حوثیوں کو سعودی ہوائی اڈوں، مقدس شہروں اور اقتصادی تنصیبات پر بار بار حملوں کے نتائج بھگتنا ہوں گے ،سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا، الحدیدہ اور ذمار میں ایندھن ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کی تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔ حوثی ان تنصیبات کو اپنی عسکری کارروائیوں کی معاونت کے لیے استعمال کر رہے تھے ۔اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ ان حملوں میں صنعا میں واقع مرکزی الصباحہ سٹیشن کے ساتھ ساتھ زیر زمین ایندھن کے ڈپو، ٹینک اور ایندھن کی نقل و حمل اور اتارنے کے لیے مختص ڈاکس کو نشانہ بنایا گیا۔
المالکی نے حوثیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ ان تنصیبات کو سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کی معاونت اور ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ سعودی فوجی اتحاد نے کہا کہ دارالحکومت ریاض کے شمال میں تین ڈرونز کو روک کر تباہ کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق منگل کو رات گئے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے ہیڈکوارٹر کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، عمارت کو نشانہ بنائے جانے اور آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق مشرقی صوبے کے شہر ظہران میں واقع آرامکو کے مرکزی دفتر پر حملے کی تصدیق ایک باخبر ذریعے نے کی ہے ، تاہم یہ واضح نہیں کہ عمارت براہ راست نشانہ بنی یا میزائل کا ملبہ گرا،آرامکو کی جانب سے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ۔سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا کہ ظہران میں روکے گئے میزائل کے ٹکڑے رہائشی علاقے میں گرے ۔ حوثیوں نے دھمکی دی تھی کہ حملہ ہوا تو ریاض ایئرپورٹ، آئل ریفائنری اور دمام میں آرامکو کی تنصیب کو نشانہ بنایا جائے گا ۔ حوثی ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ سعودی تنصیبات کو حوثی فورسز جائز ہدف سمجھتی ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments