نیتن یاہو اتحاد کاعرب جماعتوں پر قطر سے فنڈنگ کا الزام
یروشلم،دوحہ (اے ایف پی) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اتحادیوں نے عرب جماعتوں پر قطری فنڈنگ کے غیر ثابت شدہ الزامات عائد کرتے ہوئے دباؤ بڑھا دیا۔ وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر نے عرب جماعتوں کے رہنماؤں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
منگل کے انتخابات میں کسی سیاسی اتحاد کو پارلیمان میں واضح اکثریت نہیں ملی، جبکہ عرب جماعتوں کی کامیابی نے اپوزیشن کی پوزیشن مضبوط کردی۔ مرکزی انتخابی کمیشن نے جماعت رعم کو قطر سے مالی امداد ملنے کے الزامات کی تحقیقات کی درخواست کی ہے ، تاہم حکام تاحال کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے ۔ قطر نے اسرائیلی انتخابات میں مداخلت اور انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے فنڈنگ کے الزامات مسترد کر دیے ۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے جمعرات کو کہا کہ بعض اسرائیلی سیاست دان اور ان کے میڈیا رابطے قطر پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے نہ اسرائیلی انتخابات میں مداخلت کی اور نہ ہی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے کسی سرگرمی کی مالی معاونت کی۔ ترجمان کے مطابق یہ الزامات مضحکہ خیز ہونے کے ساتھ خطرناک بھی ہیں۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے عرب جماعتوں کو غیر ملکی فنڈنگ ملنے کے الزامات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے پوری عرب برادری کو موردِ الزام ٹھہرانے سے خبردار کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments