ایرانی جزیرے قشم پر امریکی فضائی حملے،جنگ کیلئے تیار ہیں: ایران
فضائی دفاعی تنصیب کو نشانہ بنایا:ٹرمپ،حملے میں شامل نہیں تھے :اسرائیل،امریکا کو طاقتور اور معقول جواب دے دیا:ایران عمان کے قریب بھارتی مال بردار جہاز پر حملہ، ملاح ہلاک،تہران میں ٹرمپ کو قتل کرنیکی دھمکی پر مبنی اشتہاری بورڈز آویزاں
تہران،واشنگٹن(اے ایف پی)امریکا نے آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر محدود فضائی حملے کیے ہیں، ایرانی میڈیا نے جزیرے میں یکے بعد دیگرے 5 دھماکوں کی اطلاع دی ہے ۔ ٹرمپ نے ایران پر امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں محدود کارروائی قرار دیا ہے ، ٹرمپ نے فاکس نیوز کے پروگرام ’’فاکس اینڈ فرینڈز‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم پر فضائی دفاعی تنصیب قائم کی تھی، جسے مکمل ہوتے ہی امریکی افواج نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کارروائی کو معمولی حملہ قرار دیا۔جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بحران کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کی کوشش کررہی ہے ۔جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو کسی بھی فریق کو فائدہ نہیں ہوگا۔ایرانی مذاکراتی سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران جنگ کیلئے تیار ہے اور اس کی انگلی ٹریگر پر ہے ، جنگ روکنے کیلئے اب فیصلہ واشنگٹن کے ہاتھ میں ہے ۔ ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کیلئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس نے امریکا کو طاقتور اور معقول جواب بھی دے دیا ہے ۔ قالیباف کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو جان لینا چاہیے کہ ایران دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے ، تاہم جنگ سے بچنے کا اختیار اب امریکا کے پاس ہے ۔
نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی امریکی حملوں کے بعد ایران کا حق دفاع برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔اسرائیلی فوج نے ایران کے جزیرہ قشم پر مبینہ امریکی حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے ۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ان کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے حوالے سے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ثالثوں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق مذاکراتی عمل کیلئے پرعزم ہیں۔ دوحہ سمیت دیگر ثالثوں کی پیش کردہ تجاویز زیر غور ہیں ،معاہدے کیلئے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔عمان کے ساحل کے قریب بھارتی پرچم بردار مال بردار جہاز پر نامعلوم فضائی شے کے حملے میں ایک بھارتی ملاح ہلاک ہو گیا جبکہ 13 افراد محفوظ رہے ۔ بھارتی وزیر جہاز رانی سربانند سونووال کے مطابق جہاز ایم ایس وی الجسوفی پربھارتی عملے کے 14 ارکان سوار تھے ۔ حملے کے بعد عمانی کوسٹ گارڈزنے 13 ملاحوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا، تاہم ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والا گندھر نعیم عزیز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایران نے ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی پر مبنی بڑے اشتہاری بورڈز اور بینرز دارالحکومت تہران میں آویزاں کردئیے ۔ مصروف انقلاب سکوائر میں نصب ایک بڑے بورڈ پر ٹرمپ کو سلاخوں کے پیچھے دکھاتے ہوئے ’’ہم ٹرمپ کو قتل کریں گے ‘‘درج ہے ۔ شمالی تہران کے تجریش سکوائر میں بھی ٹرمپ کے خلاف توہین آمیز تصاویر اور نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ایران میں جنگ شروع ہونے کے بعد امریکی صدر کے خلاف اس نوعیت کی مہم میں تیزی آئی ہے ۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک سے کوئی دشمنی نہیں۔قطر اور عمان کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں ، سعودی عرب کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کا مقصد خطے میں نئے سکیورٹی انتظامات تشکیل دینا ہے ، جنہیں خطے کے ممالک خود طے کریں اور ان میں کسی غیر ملکی فوجی موجودگی کا کردار نہ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments