اتحادی افواج کا مکہ مکرمہ میں ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
دو روز میں سعودی حملوں کے دوران 17افراد جاں بحق ہوئے :حوثی ترجمان سعودی آرامکو کے منافع میں 34.6 فیصد اضافہ، 3 ماہ میں 36 ارب ڈالر آمدن
ریاض ،مکہ مکرمہ (اے ایف پی)سعودی اتحادی افواج نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں ایک ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ، اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے ڈرون تباہ کرنے کی تصدیق کی، تاہم حملے کے مقام یا ذریعے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ حوثی فوجی ترجمان یحیی سریع نے سعودی عرب پر حملے کی تردید کرتے ہوئے بیان کو بے بنیاد قرار دیا۔ یحیی سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی عرب نے 24 گھنٹوں میں یمن کے پانچ صوبوں پر 109 حملے کیے ۔ دو روز کے دوران سعودی فضائی حملوں میں 17 افراد جاں بحق ہوئے ۔ حوثیوں کے مطابق سعودی حملوں میں زیادہ تر بچے جاں بحق ہوئے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد 1600 سے زائد افراد ہلاک اور 3 لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے خالص منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 34.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کمپنی کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران منافع 135.9 ارب ریال (36.2 ارب ڈالر) رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تقریباً 101 ارب ریال تھا۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ اور تیل کی بلند قیمتوں نے کمپنی کی آمدن بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آرامکو کے سربراہ امین ایچ ناصر نے خبردار کیا ہے کہ توانائی تنصیبات پر حملوں اور جغرافیائی کشیدگی سے عالمی توانائی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments