عرب جماعتوں پر انتخابی دھاندلی کے الزامات مسترد
ثبوت نہیں ملا،نتائج ووٹروں کی حقیقی رائے کی عکاسی:اسرائیلی انتخابی کمیشن اسرائیلی صدر کی عرب اقلیت کیخلاف نسل پرستانہ بیانات کی شدید مذمت عرب آبادی قابل احترام ، خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:ہرزوگ
یروشلم،بیروت ،لندن(اے ایف پی) اسرائیل کے مرکزی انتخابی کمیشن نے وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے عرب جماعتوں پر انتخابی دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج ووٹروں کی حقیقی رائے کی عکاسی کرتے ہیں۔ کمیشن کے مطابق شکایات کے بعد 9 ہزار 69 پولنگ اسٹیشنز کا آڈٹ کیا گیا، تاہم انتخابی عمل متاثر ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ نیتن یاہو نے عرب جماعتوں پر غیر ملکی مالی معاونت لینے کے الزامات عائد کیے تھے ۔ دوسری جانب اٹارنی جنرل گالی بہارا میارا نے شواہد کے بغیر کسی سے پوچھ گچھ کرنے سے انکار کر دیا۔ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے انتخابی مہم کے دوران ملک کی عرب اقلیت کے خلاف مبینہ نسل پرستانہ بیانات کی شدید مذمت کردی۔ سرکاری انتخابی نتائج وصول کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی عرب آبادی قابل احترام ہے اور ملک کے ہر شعبے میں اس کی خدمات اور کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ عرب شہریوں کی قومی دھارے میں شمولیت کی خواہش قابل تحسین ہے ۔
اسرائیلی صدر نے حالیہ انتخابات میں واضح کامیابی حاصل نہ ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں پر حکومت سازی کیلئے سمجھوتے اور مفاہمت پر زور دیا ۔ صدر ہرزوگ نے کہا کہ تمام انتخابی وعدے پورے کرنا ممکن نہیں، اس لیے نئی انتخابی مشق سے بچنے کیلئے سیاسی قیادت لچک کا مظاہرہ کرے ۔ جنوبی لبنان کے علاقے قبریخہ میں اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ برطانیہ کی سپریم کورٹ نے بدھ کو فلسطین کے حامی تنظیم فلسطین ایکشن پر حکومتی پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت شروع کردی، جبکہ عدالت کے باہر مظاہرین کی گرفتاریاں بھی جاری رہیں۔ تنظیم کو گزشتہ سال جولائی میں دہشت گرد قرار دے کر غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ گروپ کے مطابق پابندی کے بعد اب تک تقریباً 4 ہزار 200 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ مقدمے کی سماعت دو روز جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments