ایلون مسک کی کاروباری سلطنت خطرے میں
انتخابی نتائج کے بعد سپیس ایکس کے حصص 5.5 فیصد،ٹیسلا 5.1 فیصد گر گئے تحقیقات کا سامنا ،ڈیموکریٹس رہنما کا صر ف دو لفظی پیغام : ’’وکیل کر لو‘‘
واشنگٹن (رائٹرز) امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی بھاری شکست اور ٹیکساس میں تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد ڈیموکریٹس کے گورنر منتخب ہونے کے بعد ایک بڑا نقصان اٹھانے والا شخص خود انتخابی میدان میں موجود بھی نہیں تھا ۔دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ریپبلکن امیدواروں کی حمایت اور ٹیکساس کو ریپبلکنز کے قبضے میں رکھنے کے لیے تقریباً 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے ۔ ٹیکساس میں ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا، راکٹ سے مصنوعی ذہانت کے شعبے تک پھیلی کمپنی سپیس ایکس اور دونوں کے درمیان مجوزہ چِپ سازی منصوبہ موجود ہے ۔تاہم مسک کی یہ سیاسی سرمایہ کاری اس وقت ناکام ہو گئی جب ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول حاصل کر لیا اور جینا ہینوجوسا نے ٹیکساس کے گورنر کے انتخاب میں ریپبلکن گریگ ایبٹ کو شکست دے دی۔ یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی ایک بڑا سیاسی دھچکا تھا، جن کے قریبی اتحادی مسک نے انہیں اقتدار میں لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔مسک نے منگل تک اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیروکاروں سے ریپبلکنز کو ووٹ دینے کی اپیل کی تھی، مگر اب انہیں ایک ایسی طاقت پکڑتی ڈیموکریٹک پارٹی کا سامنا ہے جسے وہ برسوں سے ناراض کرتے آئے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈیموکریٹس، وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کی صورت میں، مسک کی کمپنیوں کی تحقیقات پر غور کر رہے ہیں۔انتخابی نتائج کے بعد سپیس ایکس کے حصص 5.5 فیصد اور ٹیسلا کے حصص 5.1 فیصد گر گئے اور دونوں کمپنیوں کی کارکردگی مجموعی مارکیٹ سے کمزور رہی۔مسک کو درپیش سب سے بڑے چیلنجوں میں ان ڈیٹا سینٹرز کی منظوری میں ممکنہ تاخیر بھی شامل ہے ، جو اس وسیع مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کے لیے انتہائی اہم ہے جس کا حجم سپیس ایکس نے سرمایہ کاروں کے سامنے 28.5 کھرب ڈالر بتایا ہے ۔
تجزیہ کاروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس ڈیٹا سینٹر منصوبوں کی نگرانی سخت کر سکتے ہیں اور بجلی کے بڑھتے اخراجات پر مقامی آبادی کی مخالفت کے پیش نظر ان کی تعمیر عارضی طور پر روکنے کے لیے دباؤ بڑھ سکتا ہے ۔ مسک کو ڈیموکریٹک قانون سازوں کی جانب سے پہلے ہی کئی معاملات پر کڑی جانچ کا سامنا ہے ، جن میں یوکرینی فوج کے زیر استعمال سیٹلائٹ مواصلات پر پابندیاں، DOGE میں ان کی نگرانی کے دوران وفاقی ملازمتوں میں بڑے پیمانے پر کٹوتیاں، اور ان کی کمپنیوں کو ملنے والے سرکاری ٹھیکے اور مراعات شامل ہیں۔ان قانون سازوں میں رابرٹ گارسیا بھی شامل ہیں، جو ایوان نمائندگان کی نگرانی سے متعلق کمیٹی کے آئندہ سربراہ ہوں گے ۔ انہوں نے منگل کی رات ریپبلکنز اور ان کے اتحادیوں کے لیے صرف دو لفظوں کا پیغام دیا: ‘‘وکیل کر لو۔’’ٹیکساس میں مسک کو نو منتخب گورنر جینا ہینوجوسا کے ساتھ پہلے سے کشیدہ تعلقات کا سامنا ہے ۔ انہیں نو منتخب امریکی سینیٹر جیمز ٹالاریکو سے بھی واسطہ پڑے گا، جن کے خلاف مسک نے ریپبلکن امیدوار کین پیکسٹن کی حمایت کرتے ہوئے بھاری رقم خرچ کی تھی تاہم مسک نے انتخاب کے دن اپنے پیروکاروں سے ریپبلکنز کو ووٹ دینے کی اپیل والی پوسٹ بھی حذف کر دی تھی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments