مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کی ضرورت:حافظ نعیم
پاکستان اور ترکیہ میں تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں ، مشترکہ تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں سرمایہ دارانہ نظام دولت کو چند ہاتھوں میں جمع کرنے کا ذریعہ ،اسلام ایک متبادل معاشی نظام پیش کرتا :انقرہ میں گفتگو
انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ترکیہ کی حکمران جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے سینئر نائب صدر عفکان اعلیٰ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات اور خطے کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حافظ نعیم الرحمن سے ترکیہ پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے رہنماؤں نے بھی ملاقات کی۔ حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک مشترکہ مذہبی، تاریخی اور تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسلم دنیا کو درپیش سیاسی، معاشی اور انسانی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مزید برآں مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام دولت کو چند ہاتھوں میں جمع کرنے کا ذریعہ بن چکا ہے ۔ اسلام ایک متبادل معاشی نظام پیش کرتا ہے جس کی بنیاد دولت کی منصفانہ تقسیم، سماجی تحفظ اور تمام طبقات کے لیے یکساں مواقع پر ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments