مہنگائی ، بدعنوانی کا ٹرمپ کے زوال میں اہم کر دار :ووٹروں کی رائے
صدر کی ترجیحات درست نہیں،معیشت کو بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب کیا ایران کیخلاف جنگ بھی انتخابی فیصلے پر اثرانداز ہونے والا اہم عنصر ہے :ووٹرز
واشنگٹن (اے پی )امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد سامنے آنے والے انتخابی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی، اخراجاتِ زندگی، ایران جنگ اور حکومت کی ترجیحات سے متعلق عوامی ناراضی نے ڈیموکریٹس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔اے پی کے مطابق تقریباً دو تہائی ووٹروں کا خیال تھا کہ ٹرمپ کی پالیسیوں نے معیشت کو بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب کیا۔ ان ووٹروں کی بھاری اکثریت نے ڈیموکریٹ امیدواروں کی حمایت کی۔ انتخابی جائزے میں بدعنوانی بھی ووٹروں کے لیے اہم مسئلہ بن کر سامنے آئی۔ نصف سے زیادہ ووٹروں نے کہا کہ حکومت میں بدعنوانی ان کے انتخابی فیصلے کے لیے انتہائی اہم تھی۔ تقریباً دو تہائی ووٹروں کا خیال تھا کہ صدر کی ترجیحات درست نہیں، جبکہ تقریباً 70 فیصد نے کہا کہ کانگریس صدر کے اختیارات پر نگرانی اور توازن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار مو ثر انداز میں ادا نہیں کر رہی۔
ایران جنگ بھی انتخابی فیصلے پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل رہی۔ اے بی سی نیوز کے انتخابی جائزے کے مطابق 34 فیصد ووٹروں نے کہا کہ ایران جنگ ہمارے ووٹ کے فیصلے کے لیے انتہائی اہم تھی، جبکہ 49 فیصد نے اخراجاتِ زندگی اور 55 فیصد نے حکومتی بدعنوانی کو انتہائی اہم قرار دیا۔اے بی سی نیوز کے مطابق ایران جنگ کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے امریکی گھرانوں کے اخراجات پر دباؤ بڑھایا، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کی عائد کردہ درآمدی محصولات سے بھی ایک اوسط امریکی گھرانے کے سالانہ اخراجات میں تقریباً ایک ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا۔ جائزے میں 59 فیصد ووٹروں نے صحت کی سہولتوں کے بڑھتے اخراجات پر شدید تشویش ظاہر کی۔رائٹرز اور اِپسوس کے انتخاب سے قبل کیے گئے سروے میں 55 فیصد امریکیوں نے کہا تھا کہ ایران جنگ کے اخراجات اس کے ممکنہ فوائد کے مقابلے میں زیادہ ہیں، صرف 25 فیصد نے جنگ کو اس کی قیمت کے لحاظ سے درست قرار دیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments