شکست کے بعد اہم تبدیلی ،ٹرمپ کا نیا چیف آف سٹاف مقرر
سٹیفن ملر سوزی وائلز کی جگہ لیں گے ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہرمیت ڈھلون بھی مستعفی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ ، وزیرخارجہ مارکو روبیو نے عہدہ چھوڑنے کی خبریں مسترد کردیں
واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وسط مدتی انتخابات میں بد ترین شکست کے بعد اہم تبدیلی، صدر ٹرمپ نے سٹیفن ملر کو وائٹ ہاؤس کا نیا چیف آف سٹاف مقررکردیا، امریکی صدر نے اعلان کیا کہ موجودہ چیف آف سٹاف سوزی وائلز، جو اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں، پیر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ملر جنوری 2025 میں ٹرمپ کی دوبارہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے ڈپٹی چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔دریں اثنا امریکا کی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ہرمیت ڈھلون نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیاجبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے استعفیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے مواخذے کا سامنا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ وہ پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں ہیں، آئندہ چند ماہ اور سال ان کے محکمے اور امریکا کے لیے انتہائی اہم ہیں،انہوں نے کہا وہ مجھ پر اور ہم سب پر وار اس لیے کرتے ہیں کیونکہ ہم مؤثر ہیں، تاہم یہ کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ریپبلکن رکن کانگریس ٹامس میسی نے اگلے ہفتے پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قراردار لانے کا اعلان کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس نے بھی انتخابی شکست کے بعد امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے عہدے چھوڑے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے ۔
مارکو روبیو نے اپنے ایک بیان میں ان خبروں کو مسترد کیا ہے کہ وہ 2028 کے صدارتی انتخاب کی تیاری کے لیے اپنا عہدہ چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔ایک انٹرویو میں روبیو نے کہا کہ ٹرمپ کی مدتِ صدارت کے اختتام تک ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ سے میرا منصوبہ رہا ہے ۔مجھے اپنا کام پسند ہے ۔ جب لوگ کہتے ہیں کہ وہ ملازمت چھوڑنے والے ہیں تو میں پوچھتا ہوں: کون سی ملازمت؟دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی وجہ صرف ایران جنگ نہیں بلکہ ٹیرف پالیسی اور سخت امیگریشن اقدامات کو بھی وجہ قرار دیا ہے ۔ اخبار نے نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے مذاکرات میں ایران کی پوزیشن مضبوط اور ٹرمپ کی کمزور ہوسکتی ہے ۔خیال رہے کہ جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ایران جنگ ختم کرنے اور تنازع کا سفارتی حل نکالنے کو ووٹرز کی حمایت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ضروری قرار دیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments