اسرائیل:مسجد نذر آتش کرنے کی کوشش، نیتن یاہو پر الزام
اسرائیلی فوج کا غزہ میں زمینی آپریشن مکمل، فلسطینی گھروں کو لوٹ آئے
یروشلم،غزہ(اے ایف پی)اسرائیل کے شمالی علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ عرب آبادی والے گاؤں دہی کی مسجد کے امام خالد الزعبی کے مطابق تین نقاب پوش افراد نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر دوسری منزل کی کھڑکی کے شیشے توڑے اور آتش گیر بوتلیں پھینکیں۔ واقعے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا، تاہم قریبی عمارتوں پر انتقام کے نعرے بھی لکھے گئے ۔ اپوزیشن رہنماؤں نے حملے کو نفرت انگیز جرم اور یہودی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے نیتن یاہو اور ان کے اتحادیوں کی عرب مخالف اشتعال انگیز مہم کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ میں زمینی کارروائی مکمل کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد بے گھر فلسطینی اپنے گھروں کو واپس لوٹنے اور سامان تلاش کرنے پہنچ گئے ۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کو ٹینکوں کے ساتھ کارروائی شروع کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کا مقصد فوجیوں کیلئے خطرہ بننے والی سرنگ تباہ کرنا ہے ۔ کارروائی کے دوران البریج اور نصیرات پناہ گزین کیمپوں کے قریب علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فلسطینیوں کو دوبارہ نقل و حرکت کی اجازت دے دی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments