بینک آف پنجاب نے ایشیا کا ایس ایم ای فنانس ایوارڈ جیت لیا
تاریخی اعزاز پانیوالا پاکستان کا پہلا بینک بننا فنانسنگ میں مؤثر کردار کا اعتراف بینکنگ شعبے کے ایس ایم ای قرضداروں میں 48 فیصد حصہ، عالمی سطح پر پذیرائی
سنگاپور(مانیٹرنگ ڈیسک)دی بینک آف پنجاب (بی او پی)نے سنگاپور میں منعقدہ گلوبل ایس ایم ای فنانس ایوارڈز 2026 میں پروڈکٹ انوویشن آف دی ایئر - ایشیا کا اعلیٰ اعزاز حاصل کر لیا ہے ۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بی او پی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا بینک بن گیا ہے ۔یہ اعزاز ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی نمایاں پیش رفت، جدید مالیاتی سہولیات، کاروباری اداروں تک وسیع رسائی اور مالیاتی شمولیت کے فروغ میں مؤثر کردار کا اعتراف ہے ۔ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی کارکردگی اس نمایاں تبدیلی کا ثبوت ہے ۔پاکستان کے بینکنگ شعبے کے ایس ایم ای قرض داروں میں 48 فیصد حصہ، یعنی تقریباً 153000 کاروبار، جو ملک بھر میں ہر دو کاروباروں میں سے تقریباً ایک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ایس ایم ای قرض داروں کی تعداد میں 397 فیصد اضافہ، جبکہ بینکنگ انڈسٹری میں یہ شرح 73 فیصد رہی۔ دسمبر 2024سے اب تک نئے قرض داروں کو 164 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی گئی، جس سے کاروباری طبقے کے لیے رسمی مالیاتی سہولیات تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔یہ بین الاقوامی اعزاز وزیر اعلیٰ پنجاب کی بصیرت اور حکومت پنجاب کے کاروبار، خود روزگاری اور جامع معاشی ترقی کے فروغ کے عزم کا اعتراف ہے ۔ایس ایم ای فنانس فورم 190 ممالک میں 250 سے زائد رکن اور شراکت دار اداروں پر مشتمل ایک عالمی پلیٹ فارم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments