اے آئی کا بلبلہ پھٹنے سے سرمایہ کاروں نے سرپکڑ لیے

 اے آئی کا بلبلہ پھٹنے سے سرمایہ کاروں نے سرپکڑ لیے

ٹیکنالوجی حصص پر مشتمل نیس ڈیک انڈیکس گرنے سے تمام منافع ہوا میں اڑ گیا

 واشنگٹن (اے ایف پی) مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صنعت برسوں تک وال سٹریٹ کی آنکھ کا تارا بنی رہی، تاہم اب یہ شعبہ سرمایہ کاروں کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے کیونکہ بے تحاشہ اخراجات اور منافع کمانے کی صلاحیت پر خدشات سر اٹھا رہے  ہیں۔ ٹیکنالوجی حصص پر مشتمل نیس ڈیک انڈیکس جمعہ کے روز 5.28 فیصد گر گیا، جس سے سال کے آغاز سے حاصل ہونے والے تمام فوائد ختم ہو گئے ۔بلومبرگ کے اعدادوشمار پر مبنی اے ایف پی کے تجزیے کے مطابق مارکیٹ کو آگے بڑھانے والے نام نہاد "میگنیفیسنٹ سیون" ٹیک شیئرز این ویڈیا ، مائیکروسافٹ، گوگل ، ایپل، ایمیزون ،میٹا اور ٹیسلا کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 4 کھرب ڈالر سے زائد کم ہو چکی ہے ۔ یہ کمی فرانس کی سالانہ جی ڈی پی سے بھی زیادہ ہے ۔مالیاتی پلیٹ فارم کے سربراہ ایڈم سرحان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ‘‘اب ایسی صورتحال ہے جہاں بلبلہ پہلے ہی پھٹ چکا ہے ، اب سوال یہ ہے کہ یہ کتنا نیچے جائے گا؟’’اگرچہ سٹاک مارکیٹس کا سفر کبھی یکساں نہیں رہتا، لیکن اس ماہ ٹیک کے ان محبوب شیئرز کو یکے بعد دیگرے دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

سب سے پہلے ڈیموکریٹس کی برتری والے امریکی وسط مدتی انتخابات نے پانسہ پلٹ دیا، کیونکہ اس سے معلوم ہوا کہ امریکی ووٹرز مصنوعی ذہانت کے حق میں نہیں ہیں ۔دوسرا بڑا دھچکا سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کی سب سے بڑی کمپنی این ویڈیا کو لگا، جس کے طویل عرصے تک سربراہ رہنے والے جینسن ہوانگ متعدد غیر ازدواجی تعلقات کے تنازع پر مستعفی ہو گئے ۔ ایس پی آئی ایسٹ مینجمنٹ کے منیجر سٹیفن انیس کے مطابق، "اے آئی میں سرمایہ کاری کا تیزی سے پھیلتا ہوا رجحان ایک امید افزا ٹیکنالوجی کی کہانی سے بڑھ کر کیپٹل مارکیٹس کے ایک بڑے تماشے میں بدل گیا ہے "، جس میں ٹیکنالوجی کی تیاری پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں۔تاہم جیسے جیسے اخراجات بڑھے ، قرضوں کا بوجھ بھی بڑھتا گیا - جبکہ منافع تاحال اس سطح تک نہیں پہنچ سکا۔کلاڈ اے آئی سافٹ ویئر بنانے والی اے آئی کمپنی اینتھروپک نے جمعرات کو سٹاک مارکیٹ میں قدم رکھا اور 91 ارب ڈالر کی خطیر رقم اکٹھی کی۔ تاہم اس بڑے مالی فائدے کے باوجود کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ مستقبل میں اپنی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسے قرض لینا پڑ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...