شمالی کورین سپریم لیڈر نے ٹرمپ کی کالز، خط نظر انداز کردیا، ملنے سے بھی انکار

شمالی کورین سپریم لیڈر نے ٹرمپ کی کالز، خط نظر انداز کردیا، ملنے سے بھی انکار

رواں ہفتے فریقین نے آخری لمحات میں مذاکرات کے امکان پر غور کیا ، کم جونگ کی شرائط امریکا کیلئے ناقابل قبول تھیں شمالی کوریائی سفارتکار نے زبردستی تھما یا گیا خط بغیر کھولے اقوام متحدہ اجلاس میں امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا کم جونگ ٹرمپ سے دوستی رکھنے کے خواہشمند نہیں ، اپنے ملک کو جوہری طاقت تسلیم کرنیکامطالبہ کر رہے :امریکی میڈیا

پیانگ یانگ(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن نے ٹرمپ کی کالز اور خط نظرانداز کردیا، ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکام ہوگئی ۔امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم شدہ ٹیلی فون لائنز اور رابطہ چینلز کے ذریعے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم دوسری جانب سے کسی نے جوابی کال نہیں کی۔اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد صدر ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو ایک خط تحریر کیا ، وائٹ ہاؤس کے حکام نے اقوامِ متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہرشمالی کوریائی سفارت کارکے ہاتھ میں زبردستی خط تھما دیا۔ بعد ازاں اقوامِ متحدہ کے ایک اجلاس میں سفارت کار نے وہ بغیر کھلا خط ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔اخبار کے مطابق اب ایسا دکھائی دیتا ہے کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر اپنا جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ترک کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور نہ ہی ٹرمپ کے ساتھ دوستی رکھنے کے خواہشمند ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ رواں ہفتے ایشیا کے دورے کے موقع پر کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کی ٹرمپ کی تازہ کوشش بھی ناکامی سے دوچار ہوئی۔ مذاکرات سے باخبر افراد کے مطابق دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں آمنے سامنے بات چیت کے امکان کا جائزہ لیا لیکن کم جونگ اُن نے ایسی شرائط رکھ دیں جنہیں امریکا قبول نہیں کر سکتا تھا۔اخبار کے مطابق امریکا کو اب اس حقیقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت ناقابلِ واپسی ہے ۔کم جونگ اُن اب اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...