پیپلز پارٹی عوام کو خون بہانے کی دھمکیاں دے رہی،حافظ نعیم
ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اتحادی، زبان کی بنیاد پر عوام کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے اہل کراچی کو متحد ہونا ہوگا، ملیر میں خطاب ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان دفتر کا دورہ
کراچی ، کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کو خون بہانے کی دھمکیاں دے رہی ہے ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی حکومت میں اتحادی ہیں،ہم زبان کی بنیاد پر عوام کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے ، سندھی، مہاجر اور ہر زبان بولنے والے عوام اپنے اتحاد و یکجہتی سے عوام کو آپس میں لڑانے کی سازشوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، اہل کراچی کو متحد ہونا ہوگا، وڈیروں جاگیرداروں اور عوام کو دھوکا دینے والوں کے خلاف جدو جہد کرنی ہوگی۔ماڈل کالونی ٹاؤن کے تحت ملیر و ماڈل کالونی ٹاؤن میں سعود آباد، ملیر چورنگی پر تاریخی ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں یوسی 3 ماڈل کالونی ٹاؤن میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے 9ٹاؤن کے عوام کو یقین دلاتے ہیں ہمارے اختیارات و وسائل میں جو کام آتے ہیں وہ بھی کریں گے اور اختیارات کے حصول کی جدو جہد بھی جاری رکھیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے بیضاء مسجد روڈ،ماڈل محلے ، اوپن ایئر جم سمیت دیگر تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ٹاؤن چیئرمین، یوسی چیئر مین اور پوری ٹیم کو اور اہل ملیر و سعود آباد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دیے اور ہمارے نمائندوں نے ثابت کیا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔
انہوں نے کہا سندھ حکومت اور کے ایم سی میں کرپشن اور نا اہلی کا راج ہے اور بھاری بجٹ ہونے کے باوجود کراچی کے عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔ تقریب سے سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،محمد اشرف، ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمدنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرامیر کراچی منعم ظفر خان،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، یوسی 3ماڈل ٹاؤن کے چیئر مین عبد المعز اور دیگر یوسیز کے چیئرمین بھی موجود تھے ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے ریجنل آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبے میں جاری بنو قابل پروگرام، یتیموں کی کفالت، تعلیم، صحت اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دورے کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی اور دیگر عہدیداران نے انہیں جاری فلاحی منصوبوں اور عوامی خدمات کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی خدمات، بنو قابل پروگرام، یتیموں کی کفالت اور رضاکاروں و ذمہ داران کی محنت، لگن اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عظیم مشن ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن رنگ، نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر انسانیت کی خدمت کرکے معاشرے میں امید، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کو مزید وسعت دینے اور مستحق افراد تک امداد پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ بلوچستان میں بدامنی کے ساتھ غربت اور بے روزگاری بھی سنگین مسائل ہیں۔ سرحدی راستوں کی بندش، صنعتوں کی عدم موجودگی اور حکومتی سطح پر روزگار کے محدود مواقع کے باعث بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کا بنو قابل پروگرام باعزت روزگار کی فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے ، جسے بلوچستان کے دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کی جانب سے عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments