طیبہ محمود کا سٹیج ڈرامہ ناگ اور ناگن 11جون کو پیش کیا جائیگا

 طیبہ محمود کا سٹیج ڈرامہ ناگ اور ناگن 11جون کو پیش کیا جائیگا

کاسٹ میں شاہد نعیم ، طیبہ نور، کمال ادریس، فائزہ ملک، عائشہ ناز ودیگر شامل ہیں کراچی کے شائقین کو ایک عرصے بعد فیملی ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا، ایم صدیق راجہ

کراچی (سٹاف رپورٹر)اداکارہ و گلوکارہ طیبہ محمود ڈرامہ پروڈیوسر بن گئیں ، وہ آج کل بطور پروڈیوسر اردو مزاحیہ فیملی سٹیج ڈرامہ ناگ اور ناگن پیش کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز مذکورہ ڈرامے کے سکرپٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں محمد اقبال لطیف، شہناز صدیقی ، صدیق راجہ، اقبال موٹلانی سمیت دیگر شخصیات نے فنکاروں میں ڈرامے کے سکرپٹ تقسیم کئے ۔آج کل ڈرامے کی ریہرسل جاری ہے جس میں فنکار شاہد نعیم ، طیبہ نور، کمال ادریس، فائزہ ملک، عائشہ ناز، شاہد عزیز، شبیر بھٹی ، عدیل جدون ، طارق گڈو، صوفیہ خان، شکور تابانی، شازیہ وسیم، حسیب ڈانس گروپ حصہ لے رہے ہیں۔ ڈرامہ کا سکرپٹ ماسٹر محمود کتھک نے لکھا ہے مذکورہ ڈرامہ کراچی آرٹس کونسل میں 11جون کو پیش کیا جائیگا ۔ ڈرامے کے معاون ہدایتکار آفتاب کامدار ہیں ۔ ڈرامہ کے سرپرست اعلیٰ ایم صدیق راجہ نے نمائندہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تھیٹر شائقین کو تفریح کے ساتھ ساتھ اصلاحی پیغام دینے کے لئے کہانی پر بہت محنت کی گئی ہے کراچی کے شائقین کو ایک عرصے بعد دلچسپ فیملی ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں