فلم کبھی الوداع نہ کہنا نے بہت طلاقیں کرائیں:رانی مکھرجی
گوا(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی اور شاہ رخ خان کی فلم کبھی الوداع نہ کہنا کی وجہ سے بہت سے گھر ٹوٹے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رانی مکھرجی نے حال ہی میں گوا میں ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں خطاب کے دوران کہا کہ فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ کو بہت سے لوگوں نے سینما گھروں میں جاکر دیکھا تھا اور فلم کی کہانی نے بہت سے شادی شدہ جوڑوں کی آنکھیں کھول دی تھیں اور اُنہیں اصل خوشی کا احساس دلایا تھا۔ اداکارہ نے کہا کہ کبھی الوداع نہ کہنا کی ریلیز کے بعد بہت سی طلاقیں ہوئیں کیونکہ کئی لوگ زبردستی کے رشتے میں رہ رہے تھے ، اس فلم کی وجہ سے لوگوں کو درست فیصلہ کرنے میں مدد ملی ۔رانی مکھرجی نے مزید کہا کہ عورت کی خواہشات اور اس کے انتخاب کے بارے میں بات کرنا بہت ضروری ہے ، اگر کسی عورت کا شوہر اُسے مارتا نہیں ہے تو اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ اپنی بیوی سے پیار کرتا ہے ۔