وانی کپور کیساتھ فلم کرنے پر مشی خان کی فواد خان پر تنقید
کراچی(شوبزڈیسک) ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ فلم کرنے پر پاکستانی سُپر سٹار فواد خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنادیا ۔
فواد خان اور وانی کپور کی ایک ساتھ پہلی فلم ‘‘عبیر گلال’’ کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے ،جس پرمشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی سٹوری میں فواد خان اور وانی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ہی افسوس کی بات ہے کہ فواد خان اپنے ملک میں اے لسٹ اداکاراؤں کے ساتھ میگا پراجیکٹس میں کام کرنے سے انکار کردیتے ہیں اور اب بھارت کی ایک ایسی اداکارہ کے ساتھ کام کررہے ہیں جو زیادہ مشہور بھی نہیں ہے ۔واضح رہے کہ فواد خان نے 2014 میں بالی ووڈ فلم ‘خوبصورت’ سے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ جبکہ فواد کی آخری بالی ووڈ فلم 2016 میں ریلیز ہونے والی ‘‘اے دل ہے مشکل’’ تھی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی کے بعد ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔