مسئلہ کشمیر پرپاکستان کا موقف غیر متزلزل ہے :دفترخارجہ
دفتر خارجہ نے سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر موقف غیر متزلزل ہے ،کشمیر متنازعہ علاقہ اور تصفیہ طلب مسئلہ ہے جس کا دیرپا حل کشمیر ی عوام اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق چاہتے ہیں ۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پیر کے روزجاری کردہ بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ مسئلہ ہے جس کا بامعنی و نتیجہ خیزحل خطے کیلئے اہمیت کا حامل ہوگا، کشمیر پاکستانی ایجنڈے میں سر فہرست ہے اور تہہ دل سے کشمیر ی عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کاحل چاہتے ہیں جبکہ سیکریٹری داخلہ خواجہ صدیق کی جانب سے کشمیر سے متعلق سپریم کورٹ میں داخل کی گئی رپورٹ کا ملکی خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ۔