ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ لیک ہونے کی تحقیقات ہوگی، وفاقی حکومت

 ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ لیک ہونے کی تحقیقات ہوگی، وفاقی حکومت

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ لیک ہونے کی تحقیقات کرائیں گے اور اس کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔

اسلام آباد(خبر نگار)اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کی تحقیقات ہونی چاہیے، اگر یہ رپورٹ مصدقہ ہے تواس چیزکی بھی تحقیق ہونی چاہیے کہ یہ کس طرح باہر آئی؟ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم سے الطاف حسین کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی ،اگرڈیوڈ کیمرون اس معاملے میں مداخلت کریں گے تو برطانوی پولیس انہیں بھی گرفتار کر سکتی ہے،وہاں کسی بھی شخص کو بچانا یا پھسانا کسی کے اختیار میں نہیں ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاورکمپنیوں کو پیسے کی ادائیگیاں کردی ہیں جس کے بعد ان کمپنیوں نے یقین دہائی کرائی ہے کہ فوری طورپر 1700 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کردی جائے گی، سستی بجلی پیدا کرنا چاہتے ہیں تا کہ نہ سبسڈی دینی پڑے نہ قیمت بڑھے کیونکہ بجلی پر ایک ارب روپے روزانہ غیرمنصفانہ سبسڈی دے رہے ہیں، بجلی چوری روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، جس گرڈ سے بجلی چوری ہو گی اس کا ذمہ دار خمیازہ بھگتے گا، ن لیگ کو ٹیکس وصول کرنا بھی آتا ہے،پاکستان کی معیشت کو اتنا مضبوط کرنا ہے کہ نہ تو ڈرون ہماری خودمختاری کو متاثر کرسکے اور نہ انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا فریضہ سرانجام دینے والوں کی کوئی جان لے سکے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی،وہ خود قانون کے راستے میں آئے ،انہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا ، ان کے خلاف تمام مقدمات عدالتوں میں ہیں اور وہی ان کا فیصلہ کریں گی، پرویز مشرف سے قطع تعلق کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں