الطاف حسین کے جانے کا وقت آگیا ،جلد کراچی میں جلسہ کرونگا : عمران خان

الطاف حسین کے جانے کا وقت آگیا ،جلد کراچی میں جلسہ کرونگا : عمران خان

گو نواز گو ہونے والا ہے ،ثابت کریں گے ان کا مینڈیٹ جعلی ہے ،2015الیکشن کا سال ہے ،عوام حق مانگنے کے بجائے چھین لیں زرداری نواز پارٹنر شپ توڑ دی ،اقتدار ملا تو آزادکشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر میں ہونگے ، جووعدہ کرونگا وہ پورا کرونگا :میر پور میں خطاب

میرپور(این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بننے والا ہے اور گو نواز گو بھی ہونے کو ہے ،نوازشریف کا مینڈیٹ جعلی ثابت کرینگے ،2015الیکشن کا سال ہے ، ہر فرعون کا وقت آجاتا ہے الطاف حسین کا وقت بھی آگیا ہے ،نوازشریف اور آصف زرداری کی پارٹنر شپ توڑ چکا ہوں، آزاد کشمیر میں ا یئرپورٹ بنائیں گے ، عوام اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور خوف کے بت توڑ دیں، تحریک انصاف اقتدارمیں آ ئے گی تو آزاد کشمیر کے فیصلے آزاد کشمیر میں ہوں گے ،بیرسٹرسلطان کونیاآزادکشمیربنانے کیلئے کھڑا کیاہے ۔ میرپورمیں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خا ن نے کہاکہ عوام کے جذبے اورجنون کو دیکھ کرمجھے الطاف حسین کاجلسہ یاد آگیا، ٹی وی پر ان کاجلسہ دیکھیں لند ن سے بیٹھ کرٹیلی فون پرتقریر کرتاہے اورسامنے زندہ لاشیں سہمی بیٹھی ہوتی ہیں وہ ڈرتے ہیں کہ جب الطاف حسین نے ہنسنے کاکہا اورنہ ہنسے تو سیکٹر انچارج گولی ماردیگا ،اللہ کافیصلہ ہے کہ ہرفرعون کاوقت آجاتا ہے الطاف حسین تمہارا بھی وقت آگیا ہے ، انہوں نے کہاکہ میں نے کشمیر سے متعلق بات کر نا تھی لیکن یہاں کے عوام کے جذبے اورجنون کو دیکھ کر الطاف حسین یاد آگیا لوگوں کو زبردستی لایاجاتا ہے خوف میں بیٹھے ہوتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ ہم سب خوف کے بت توڑیں ،جو خوف سے زندگی گزارتے ہیں وہ اپنے حقوق کیلئے کھڑے ہوں اوراپنا حق مانگنے کے بجائے چھینیں، انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری اورنوازشریف کئی سال سے باریاں لے رہے ہیں، ان کی پارٹنرشپ توڑنے نہیں لگا بلکہ توڑ چکا ہوں یہ نوراکشتی کرتے تھے ملک کی بندر بانٹ کی ہوئی تھی ،سات سال پہلے ڈالر 60 روپے کاتھا اب سوروپے کا ہے ، انہوں نے جلسہ میں شریک عوام سے وعدہ لیاکہ وہ آئندہ کبھی اس جماعت کو ووٹ نہیں دینگے جن کے سربراہوں کاپیسہ پاکستان میں نہ ہو ،انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ایئرپورٹ پرپانچ لاکھ ڈالر لے جاتے ہوئے پکڑی گئی وہ د بئی چالیسویں مرتبہ جارہی تھی، جب روپیہ ڈالر میں بدل کرملک سے باہرجاتا ہے تو روپے کی قدر کم ہوجاتی ہے ، سوئٹزرلینڈ ا وریورپ کانظام لیکرآئیں گے ، ایسابلدیاتی نظام ہوگا جس میں ایم این اے کو فنڈزنہیں ملیں گے ، ہرگائوں اپنے فیصلے خود کریگا ، پولیس کانظام ٹھیک کرینگے ،ماڈل ٹائون میں 100لوگوں پرگولیاں چلائی گئیں 14 شہید ہوگئے ، دنیا میں کہیں پولیس اپنے لوگوں پر گولیاں نہیں چلاتی، انہوں نے کہاگونوازگوہونیوالا ہے کیونکہ جوڈیشل کمیشن بننے والا ہے ،ہم ثابت کرینگے کہ نوازشریف کو جومینڈیٹ ملا وہ جعلی تھا ،آئندہ انتخابات صاف شفاف ہونگے ، پاکستانی تیار ہوجائیں 2015 الیکشن کاسال ہے ، انہوں نے کہا کہ محمد علی نیکوکارہ کو نوازحکومت نے کہاکہ پرامن دھرنے پرتشدد کرو اس نے غلط احکامات تسلیم نہیں کئے اب نوازحکومت اس کو نکالنے لگی ہے ، ایس ایس پی کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی تو انہیں بڑاعہدہ اورتمغہ دیگی ،انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کو شکست دینے کیلئے آئندہ جلسہ کراچی میں کرنے جارہاہوں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوام کے مطالبے پر کہا میں آزاد کشمیر میں یونیورسٹی یا ہسپتال بنانے کاوعدہ نہیں کر سکتا ، جووعدہ کرونگا وہ پورا کرونگا ،عوام کامطالبہ ہے کہ ایئر پورٹ بنے وہ ہم بناکردکھائیں گے ۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا میں خواتین کو کہتا ہوں کہ وہ 29مارچ کو گھروں سے باہر نکلیں کیونکہ اصل انقلاب خواتین ہی لاتی ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پہلی مرتبہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی سیاست میں قدم رکھ رہی ہے ، صرف عمران خان ہی اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے پر بات کر سکتے ہیں ، جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم برسراقتدار آکر نوجوانوں کوملازمتوں کے مواقع مہیا کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں