جڑواں شہروں میں سکیورٹی سخت، پبلک ٹرانسپورٹ معطل، ریڈ زون سیل

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے باعث غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل ٹریفک پلان جاری کرنے کے ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہر قسم کی پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بھی معطل کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رکھا جائے گا، سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک کو روکا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں کسی بھی سمت سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں میں شہر کا رخ نہ کریں۔

ادھر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہر میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور یہ پابندی تاحکمِ ثانی نافذ العمل رہے گی، شہریوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کسی بھی نئی پیش رفت سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے، شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ نے پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ کو تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان کے تحت جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے 9th ایونیو استعمال کریں گے جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ، مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکیں گے، جبکہ پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے پر ٹریفک کو ترامڑی چوک کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور جاری کردہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں۔

حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات کے مطابق مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں