ڈیفنس ، منی ایکسچینج پرتعینات گارڈ کی فائرنگ سے ساتھی جاں بحق
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گذری کے علاقے ڈیفنس میں منی ایکسچینج کے دفتر کے باہر تعینات گارڈ ز کے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ساتھی گارڈ جاں بحق ہو گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ گذری تھانے کی حدود ڈیفنس فیز فور کمرشل اسٹریٹ میں قائم منی ایکسچینج کے دفتر کے باہر تعینات دو گارڈز آپس میں کسی بات پر الجھ پڑے اور تلخ کلامی کے بعد سیکیورٹی گارڈ تنویر نے فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں اس کا ساتھی گارڈ 30 سالہ عمیر ولد محسن شاہ زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کی آواز پر لوگ جمع ہوئے اور پولیس بھی موقع پر پہنچی اور ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ زخمی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ گلبہار تھانے کی حدود پرانا گولیمار کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر خاتون زینب زوجہ عبدالمجید ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، جسے اسپتال پہنچایا گیا۔ پاک کالونی پرانا گولیمار پٹرول پمپ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ حسیب ولد عبدالعزیز زخمی ہو گیا۔