کیا حکومتیں مزید اموات پر شیشے کے استعمال پر پابندی لگائینگی؟ جسٹس مقبول

کیا حکومتیں مزید اموات پر شیشے کے استعمال پر پابندی لگائینگی؟ جسٹس مقبول

سپریم کورٹ نے وفاق، چاروں صوبوں اور پانچوں آئی جیز پولیس سے رپورٹ طلب کر لی

سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا نے عدالت کو پابندی کے لیے نئی قانون سازی کا یقین دلایا اسلام آباد (نمائندہ دنیا) سپریم کورٹ نے نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے شیشہ سینٹرز کیخلاف از خود نوٹس کیس میں وفاق، چاروں صوبوں اورپانچوں آئی جیز پولیس سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے ، جبکہ عدالت کو صوبہ سندھ، پنجاب اورخیبر پختونخوا نے پابندی کیلئے نئی قانون سازی کا یقین دلایا ہے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔ دوران سماعت جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ مزید لوگ مر جائیں گے تو کیا حکومتیں شیشے کے استعمال پر پابندی لگائیں گی۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تمباکو اور شیشہ نوشی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ وفاق نے بتایا کہ وزارت صحت نے شیشہ وخام مال کی درآمد پر پابندی کیلئے وزارت تجارت کو سفارش کی ہے ، جبکہ عدالت نے تمباکو اور شیشہ نوشی پر حکومتی اقدامات ناکافی قرار دے دیے ہیں۔ سندھ حکومت نے بتایا کہ شیشے کے استعمال پر پابندی کے بل کی وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی ہے ۔ اب بل اسمبلی میں ہے ۔ حکومت پنجاب نے رپورٹ میں بتایا کہ تمباکو اور شیشے کے خلاف بل کی منظوری پنجاب اسمبلی میں التوا کا شکار ہے ، بل پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں