حج قرعہ اندازی ہو گی یا نہیں،3لاکھ درخواست گزارفیصلے کے منتظر
وزارت تاحال نئے اورپرانے ٹورآپریٹرز میں حج کوٹہ کی تقسیم کا فیصلہ بھی نہ کر سکی پچھلے سال 742کمپنیوں کو حج کوٹہ دیا گیا، امسال 2200نئی کمپنیاں دوڑ میں شامل
اسلام آباد(سیدقیصرشاہ )عدالتی احکامات کے بعد سرکاری سکیم کے 10فیصد کوٹہ کیلئے حج قرعہ اندازی ہو گی یا نہیں اس حوالے سے 3لاکھ درخواست گزار وزارت مذہبی امور کے فیصلے کے منتظر ہیں جبکہ حج2018کیلئے نئے اورپرانے ٹورآپریٹرز میں حج کوٹہ تقسیم کرنے کے بارے میں وزارت مذہبی امورکسی فیصلہ پرنہیں پہنچ سکی ،ابھی تک پرائیویٹ حج سکیم کاکوٹہ نجی کمپنیوں کونہیں دیاگیا جبکہ نجی کمپنیوں نے کوٹہ ملنے سے قبل ہی سابقہ کوٹے کی روشنی میں ایڈوانس بکنگ کرنا شروع کردی ہے جبکہ سرکاری سکیم کے تحت پہلی قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے کم و بیش تین لاکھ درخواست گزار وزارت کے فیصلے کے منتظر ہیں کہ ا ب کیا فیصلہ کیاجاتا ہے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سرکاری سکیم کیلئے 60فیصداور نجی سکیم کے لئے 40 فیصد کوٹہ کے فیصلے کوبرقرار رکھا گیا۔گزشتہ چندبرسوں میں 742 نجی کمپنیوں کوہی حج کوٹہ دیا جاتا رہاجبکہ امسال 2200 نئی کمپنیاں بھی کوٹے کے حصول کی دوڑ میں شامل ہیں۔ نجی کمپنیوں کی جانب سے پرا ئیویٹ حج کے لئے پانچ لاکھ سے تیرہ لاکھ تک کے مختلف پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں۔