48 دن باقی :حکومت،اپوزیشن نگران سیٹ اپ پر متذبذب
شاہد خاقان اور خورشید شاہ کے درمیان ہونیوالی3 ملاقاتوں میں کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہ آسکا
اسلام آباد(سید ظفر ہاشمی)نگران حکومت کی تشکیل کا معاملہ سست روی کا شکار ہے ،وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی تین ملاقاتوں کے باوجود نگران وزیراعظم کے لئے کوئی نام سامنے نہ آسکا، ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کے انتخاب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی تذبذب کا شکار دکھائی دے رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف میں تین ملاقاتوں کے باوجود بھی اس سلسلے میں کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آسکا ، کسی بھی نام کے حوالے سے فریقین ابھی تک خاموش ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بارے میں حکومت کوئی فیصلہ کر پائی ہے اور نہ ہی اپوزیشن ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ میں اب تک ہونے والی ملاقاتوں میں صرف اس بات پر اتفاق ہو پایا ہے کہ نگران وزیراعظم کی ایمانداری، دیانتداری اور غیر جانبداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ذرائع کے مطا بق حکومت اور اس کے اتحادیوں کی طرح اپوزیشن کی جانب سے بھی قائد حزب اختلاف کو ابھی تک کوئی نام فراہم نہیں کیا گیا ،خورشید شاہ اس سلسلے میں چند روز قبل تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کے علاوہ جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں جبکہ خود پیپلزپارٹی بھی اس حوالے سے ابھی تک خاموش ہے ۔ خورشید شاہ وزیراعظم سے ایک اور ملاقات کریں گے جس میں دونوں جانب سے ناموں کے تبادلے کا قو ی امکان ہے ، اس سے قبل تحریک انصاف ، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کی جانب سے بھی اپوزیشن لیڈر کو نام موصول ہو جائیں گے ۔ واضح رہے کہ موجودہ حکومت کے اب صرف 48 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کو اسمبلیوں کے خاتمے کے بعد بھی اس سلسلے میں کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے تین دن کا وقت دستیاب ہو گا اور تب تک فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں یہ معاملہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی اور اس کی جانب سے بھی دو دن میں فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں یہ ذمہ داری آخری فورم الیکشن کمیشن کے پاس آجائے گی ، جوقائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے بھجوائے جانے والے دوناموں میں سے کسی ایک کا نگران وزیراعظم کے عہدے پر تقرر کر دے گا ۔