جس نے ہم سے منہ پھیر ا ، ہم نے اس سے پھیر لیا ،پرویز رشید
کچھ لو گوں کو ناراض ہو نے اور خبریں چھپوانے کی عادت ہو تی ہے ، انٹرویو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہر جماعت میں کچھ لوگ ہوتے ہیں جن کے آپس میں اختلافات ہوتے ہیں ۔وہ ناراض بھی ہوتے رہتے ہیں اور اپنی ناراضگیاں ختم بھی کرتے رہتے ہیں ۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ ’’شہباز شریف نے چودھری نثار سے پھر ملاقات کی ہے وہ چودھری نثار کو منانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن نواز شریف مان نہیں رہے اس حوالے سے معاملہ کیا ہے ‘‘ اس پر پرویز رشید نے کہا کچھ لوگوں کو ناراض ہونے اور ناراضگیاں ختم کرانے اور ان کے بارے میں خبریں چھپوانے کی عادت بھی ہوتی ہے ، میرا موضوع گفتگو یہ چیزیں نہیں ہیں میں پاکستان کی سیاست پر گفتگو کرتا ہوں افراد پر نہیں میں حکمت عملی اور سیاسی پالیسی کی بات کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کی پالیسی وہی ہے جو نواز شریف کی ہے ہر وہ شخص ہماری آنکھ کا تارا ہے جو مشکل وقت میں ہمارے ساتھ ہے ہر وہ شخص جو مشکل وقت میں ہمارے سے منہ پھیرے گا ہم بھی اس سے منہ پھیر چکے ہیں میں نے جو بات کہنی تھی وہ کہہ دی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں افراد کے رویوں پر بات نہیں کرتا جن دو افراد عمران اور ایک دوسرے شخص کے بارے میں جو بات کی ہے یہ ان دونوں سے پوچھیں البتہ عمران خان کے بارے میں یہ کہوں گا کہ مریم نواز ان کے حواس پر چھائی ہیں عمران خان یہ سوچیں کہ سیاست میں بہت کم مدت میں آئی ہوئی خاتون کیوں عمران خان کے حواس پر چھا گئی ہیں وہ کیوں ان سے اتنا گھبراتے ہیں کہ اپنی ہر تقریر میں ان کا ذکر کرتے ہیں ۔سوشل میڈیا کے حوالے سے بات ہو تب ان کا ذکر کرتے ہیں پھر سوشل میڈیا پر ان کی نقالی بھی کرتے ہیں عمران خان خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں وہ ایک خاتون سے اتنے خوف زدہ کیوں ہیں ؟،چودھری نثار کے تحریک انصاف میں جانے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان دونوں رہنمائوں نے کرنا ہے ۔