ووٹ اندراج ،منتقلی ،کوائف کی درستگی کا آج آخری دن

 ووٹ اندراج ،منتقلی ،کوائف کی درستگی کا آج آخری دن

ملک بھر میں 15 ہزار سینٹربنائے گئے ،تاریخ میں توسیع کے مطالبات زیادہ شکایات کی صورت میں الیکشن کمیشن ایک ہفتے کی توسیع پر غور کرسکتا ہے

کراچی، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا) نئی انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج، منتقلی یا کوائف کی درستگی کے لیے آج آخری دن ہے ، ووٹ کے اندراج کی تاریخ میں توسیع کے حوالے سے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں ، تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم زیادہ شکایات ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن ایک ہفتے کی توسیع پرغور کر سکتا ہے ۔ جو افراد اب تک بطور ووٹرز درج نہیں ہیں وہ فارم نمبر 15کے ذریعے 24اپریل(آج)تک اپنا نام شامل کراسکتے ہیں۔ شامل ناموں پر اعتراض کرنے کے لیے فارم نمبر 16اور ووٹ کے کوائف میں تبدیلی کے حوالے سے فارم نمبر17استعمال ہو رہا ہے ۔ ووٹرز کے پاس آج آخری دن ہے ، ملک بھر میں 15ہزار کے قریب ڈسپلے سینٹر قائم کیے گئے ہیں،ایسے تمام افراد جنہوں نے ابھی تک الیکشن 2018ء کے لیے انتخابی فہرست میں ووٹ کااندراج اور کوائف کی درستگی نہیں کروائی وہ ابھی اپنے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں جا کر اپنے ووٹ کااندراج اور کوائف کی درستگی یقینی بنائیں ۔الیکشن کمیشن کے مطابق یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کر دی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں