پی ٹی آئی جلسہ :مینار پاکستان کے فرش میں دراڑیں،23لاکھ کا نقصان

پی ٹی آئی جلسہ :مینار پاکستان کے فرش میں دراڑیں،23لاکھ کا نقصان

فرش اسٹیج کے وزن سے ٹوٹا،ماہرین،رپورٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے کو پیش جونقصان ہوا پورا کرینگے ،عبد العلیم خان،شعیب صدیقی نے جھاڑو لگادی

لاہور (نمائندہ دنیا،آن لائن) پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی کی ایک تحقیقاتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے جلسے سے ہونیوالے نقصانات کی تخمینہ جاتی رپورٹ تیار کر کے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کو پیش کر دی ۔ رپورٹ میں ہارٹیکلچرل اور سول ورکس کی مد میں مجموعی طور پر پونے تیئس لاکھ روپے کے نقصان کا انکشاف کیا گیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق جلسے کے باعث ہارٹیکلچرل کی مد میں دو لاکھ 38ہزار دو سو روپے جبکہ سول ورک کی مد میں اکیس لاکھ چالیس ہزار روپے کا نقصان ہوا ۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ ڈی جی پی ایچ اے نقصان کے ازالے کیلئے پی ٹی آئی لاہور کی قیادت کو باقاعدہ نوٹس جاری کرینگے ،جبکہ گریٹر اقبال پارک انتظامیہ کا کہنا ہے مینار پاکستان کے فرش میں دراڑیں پڑچکی ہیں،وجہ پی ٹی آئی جلسہ کیلئے بنایا جانے والا وہ اسٹیج ہے جو مینار پاکستان کے سائے تلے فرش پر قائم کیاگیا تھا ۔انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے جلسے ضرور کریں لیکن قومی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں ۔فنی ماہرین کے مطابق فرش میں دراڑیں کنٹینر ز کے ذریعے بنائے جانیوالے سٹیج کے وزن سے پڑی ہیں۔دوسری طرف سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد پی ٹی آئی کو دو دن بعد مینار پاکستان گراؤنڈ کی صفائی کا خیال آ گیا ،عبدالعلیم خان اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا انتظامیہ نشاندہی کرے جتنا نقصان ہوا پورا کریں گے ،دونوں رہنماؤں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا ،شعیب صدیقی خود ہی جھاڑو اٹھا کر صفائی کرنے لگ پڑے ۔عبدالعلیم خان نے رانا ثنااللہ کے خواتین سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا خواتین سب کی سانجھی ہوتی ہیں ،لیگی رہنماؤں کو ایسے بیانات پر شرم آنی چاہیے ،ن لیگی خواتین نے اس آدمی کو تھپڑ کیوں نہیں لگایا؟،ن لیگی خواتین میری بہنیں ہیں، آپ ان سے پوچھیں ایسا کیوں کہا؟۔ انکا کہنا تھا شہباز شریف صاحب میدان کھلا ہے چیلنج کرتا ہوں آؤ بھر کے دکھاؤ،کرسیاں اور ٹینٹ میں لگا دونگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں