پی ٹی آئی میں شامل ہونیوالوں کو ٹکٹیں ملنے کا قو ی امکان
64 ایم این ایز اور رنر ز اپ عام انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے مضبوط امیدوار ہیں پی ٹی آئی نے امیدواروں کے نام سامنے لانے کیلئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کرلیے
لاہور(لیاقت انصاری )عام انتخابات 2018 میں پی ٹی آئی میں شامل ہونیوالے افراد کو ٹکٹیں ملنے کا قو ی امکان ہے ۔تحریک انصاف کے چہرے کم ،نئے چہرے زیادہ امیدوارہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں شامل ہونے والے 64 ایم این ایز اور رنر ز اپ عام انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سے تحریک انصاف میں 19 موجودہ ایم این ایز شامل ہوئے جبکہ نئے شامل ہونے والی45 شخصیات 2013 میں قومی اسمبلی کے الیکشن میں دوسرے نمبر پر رہیں۔مسلم لیگ ن کے 15 ،پیپلزپارٹی کے 14 ، مسلم لیگ ق کے 11 ایم این ایز اور رنرز اپ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ۔آزاد23 اوردیگر جماعتوں سے چار ایم این ایز اور رنرز اپ تحریک انصاف میں شامل ہوئے ۔2013کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے پنجاب سے قومی اسمبلی کے صرف 15 امیدوار رنرز اپ رہے ۔مزید برآں پی ٹی آئی نے چھ جون تک حتمی امیدواروں کے نام سامنے لانے کیلئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس طلب کرلیے ۔پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کے مطابق پارلیمانی بورڈ کے اجلاس31مئی سے طلب کیے گئے ہیں،جن میں امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کیاجائے گا اور یہ مرحلہ 6جون تک مکمل ہوگا۔پارٹی ترجمان کے مطابق 41سو کے قریب امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن سے تحریک انصاف کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔تحریک انصاف 31مئی کو اسلام آباد ،2اور 3جون کو پنجاب کے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔4جون کو فاٹااورکے پی ،5جون کو سندھ اور 6جون کو بلوچستان کے امیدواروں کے حتمی نام سامنے لائے گی۔