چوہدری نثار عباسی سے بھی زائد فنڈز لینے والے رکن اسمبلی
سرکاری مشینری مرضی سے چلائی، پارٹی پرمشکل وقت آیا تو ساتھ چھوڑ نے کاعندیہ دیدیا
راولپنڈی(زاہداعوان )وفاقی وصوبائی حکومتوں اورضلعی انتظامیہ سے سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز لینے والے چودھری نثارعلی خان کااقتدار ختم ہونے پرمسلم لیگ ن کی قیادت سے اختلاف سامنے آگیا، سابق وفاقی وزیرداخلہ نے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سمیت ضلع بھرکے تمام ارکان اسمبلی سے زائد فنڈز لئے اور سرکاری مشینری کو اپنی مرضی سے چلایالیکن جب پارٹی پرمشکل وقت آیا تو قیادت کاساتھ چھوڑ نے کاعندیہ دیدیا۔ ضلعی انتظامیہ کے معتبر ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور اقتدار میں 5ارب روپے سے زائد ترقیاتی فنڈز لئے اور ان کی جانب سے بھیجی گئی تمام ترقیاتی سکیمیں من وعن منظور کرکے فندز جاری کئے گئے جبکہ ضلع راولپنڈی میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سمیت دیگر کسی بھی رکن قومی وصوبائی اسمبلی کی 100فیصد ترقیاتی سکیمیں منظور نہیں کی گئیں بلکہ شاہدخاقان عباسی کے وزیراعظم بننے کے بعد پنجاب حکومت نے ان کے ترقیاتی فنڈز روک لئے لیکن چودھری نثار کو آخری وقت تک فنڈز ملتے رہے ۔ ذرائع کے مطابق پانچ سالہ دور میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کو تقریباً 2ارب روپے ، سابق ایم این اے حنیف عباسی کو تقریباً 2ارب روپے ، سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاویداخلاص، سابق ارکان قومی اسمبلی ملک ابراراحمد اور ملک شکیل اعوان کو تقریباً ایک، ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈزفراہم کئے گئے ۔ مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور حکومت میں اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی عمران خان، شیخ رشیداحمد اورغلام سرورخان کو مکمل نظرانداز کیاگیا اور انہیں ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھاگیا۔ ذرائع کاکہناہے پانچ سال کے دوران چودھری نثار کی مرضی کے بغیر ڈویژن بھر اورخصوصاً ضلع راولپنڈی میں انتظامی وپولیس افسروں کی تعیناتی وتبادلہ نہیں ہوتاتھا اور انہی کاحکم چلتاتھا ۔