پی پی کا انتخابی منشور تیار، نوجوان فوکس، کسان کارڈ بھی شامل
مفت بجلی، کھاد،زرعی ادویات،بیج کیلئے کسان کارڈ،جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ
لاہور (سیاسی رپورٹر سے )روٹی کپڑا اور مکان کے بنیادی نکات پرمشتمل پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیارکرلیا گیا ، زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی مفت اور کھاد، زرعی ادویات، بیج اور دیگر اشیا کیلئے کسان کارڈ کا اجرا ہوگا، نوجوانوں کو فوکس کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ،نوجوانوں کے روزگار کے لئے خاص پروگرام ہوگا، بین الصوبائی ہم آہنگی، جنوبی پنجاب صوبے کا قیام بھی پی پی کا انتخابی وعدہ ہوگا۔ عام انتخابات کے لئے پیپلزپارٹی کا دسوا ں منشور تیار کرلیا گیاہے جو بلاول بھٹو زرداری اٹھائیس جون کو اسلام آباد میں پیش کریں گے ، پی پی انتخابی منشور میں زراعت اولین ترجیح، توانائی، صنعت کے شعبوں پر بھی فوکس کیا گیاہے ،روٹی کپڑ ا ور مکان کے لئے مکمل پروگرام دیا جائے گا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں انقلابی اصلاحات کا وعدہ بھی پی پی منشور میں شامل ہوگا، خارجہ، داخلہ پالیسی بہتر بنانا بھی پیپلز پارٹی کے دو ہزار اٹھارہ کے ایجنڈا کے اہم نکات میں شامل ہے ۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے واضح حکمت عملی بھی انتخابی وعدوں کا حصہ ہوگی، چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کرنا اور دیہی آبادی کو شہروں کے برابر لانے کا بھی وعدہ ہوگا، بلوچستان کی محرومی ختم کرنے کیلئے سیاسی اور بڑے انتظامی و مالی اقدامات اٹھانے ،خواتین اور غیرمسلم آبادیوں اور کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت ،محنت کشوں کے حقوق کو یقینی بنانا ،خطے کے ممالک کے ساتھ بہتر ، پرامن اور برابری کی بنیاد پر تعلقات منشور میں شامل ہیں ۔