پنجاب کی کمپنیوں سے تمام سیاسی افراد کو فارغ کرنیکا حکم

 پنجاب کی کمپنیوں سے تمام سیاسی افراد کو فارغ کرنیکا حکم

صباصادق کوبھی ہٹایا جائیگا ، رپورٹ24گھنٹے میں کیبنٹ ڈویژن کو دینے کی ہدایت

لاہور(محمد حسن رضا سے ) پنجاب کی نگران حکومت نے 56کمپنیز ،اتھارٹیز، محکموں اور دیگر ذیلی اداروں سے تمام سیاسی افراد کو 24گھنٹوں میں فارغ کرنے کا حکم دیدیا۔ایس اینڈ جی اے ڈی کیبنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی تمام پبلک سیکٹر کمپنیزکے بورڈ آف ڈائریکٹرز، کمیٹیوں اور ان کے ساتھ ساتھ ذیلی اداروں سے تمام سابق ممبران اسمبلی چاہے وہ کمپنیوں کے چیئرمین ہیں یا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر ز ہیں، یا وہ مختلف کمپنیوں، یا محکموں کی پروکیورنمنٹ کمیٹیوں کے ممبر یا انچارج ہیں، یا کسی بھی ہائیرنگ کمیٹی میں شامل ہیں ان کو فوری طورپر معطل کرنے کا حکم دیاگیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں واضح طورپر ہدایات دی گئی ہیں کہ سابق ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی جو کہ ممبر یا کسی بھی عہدے پر تعینات رہے ہیں وہ کمپنیز میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں کرینگے ، اس حوالے سے نگران وزیراعلی ٰپنجاب کے حکم پر تمام سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز سمیت تمام افراد کو اس حوالے سے مراسلہ بھجوا دیا گیا ، چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی چیئرپرسن صبا صادق سمیت تمام افراد کو بھی عہدوں سے فارغ کیا جائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں