سردار عثمان بزدار کا پیشہ وکالت زمیندارہ،کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں
وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے پی ٹی آئی کے نامزد کردہ سردار عثمان بزدارکا کو ئی بھی کریمنل ریکارڈ نہیں،
لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) ان کے خلاف کبھی کسی تھانے یا کسی جگہ کوئی مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کبھی کسی نے ان سے متعلق کوئی الزام عائد کرنے کے لئے کسی تھانے میں درخواست دی ہے ۔ سردار عثمان بزدارایم اے ایل ایل بی ہیں ان کا پیشہ ایڈووکیٹ اور زمیندارہ ہے ۔جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق سردار عثمان بزدار اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔ تین کمپنیوں سے سالانہ 25لاکھ روپے کی انشورنس ہے ، سردار عثمان بزدار کسی کے مقروض نہیں ۔ سردار عثمان بزدارکا کوئی بھی ذاتی ای میل اکائونٹ نہیں ہے ۔ سردار عثمان بزدارکی اہلیہ صوفیہ عثمان ہیں اور تین بیٹیاں ہیں، جن میں بختاور عثمان ، تقدیس فاطمہ، اہمرین عثمان شامل ہیں۔ سردار عثمان بزدارکا این ٹی این نمبر 3968548-9ہے ۔ سردار عثمان بزدارنے بتایا ہے کہ ان کی 2017میں زرعی آمدنی 4لاکھ 68ہزار500روپے ہے ، جس پر 63ہزار890روپے سالانہ ٹیکس ادا کیا ہے ۔ سردار عثمان بزدارنے پاکستان تحریک انصاف پارٹی فنڈ کے لئے 50ہزار روپے دئیے ۔ سردار عثمان بزدارنے کبھی کسی دوسرے ملک کا پاسپورٹ حاصل نہیں کیا۔ عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار تونسہ کے بزدار قبیلے کے چیف ہیں، سردار عثمان بزدار نے پولیٹیکل سائنس میں بھی ایم اے کیا ہوا ہے ،پرویز مشرف دور میں تحصیل نا ظم تونسہ بھی رہے ،انکے والد فتح محمد بزدار 3 مرتبہ صوبائی اسمبلی کے ممبر رہے ،عثمان بزدار مسلم لیگ ق کا حصہ بھی رہے ہیں، عثمان بزدار صوبی جنوبی پنجاب محاذ کا بھی حصہ رہے ہیں۔