کرکٹ کی طرف نہ جاتا تو ریٹائرڈ فوجی ہو تا ، عمران خان
65ء کی جنگ میں 12سال کا تھا،دفاع وطن کیلئے بندوق اٹھا لی تھی
اسلام آباد (نمائندہ دنیا )زمان پارک میں 65 کی جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ میں اس وقت 12سال کا تھا ، رات خبر آئی کہ بھارتی پیر ا ٹروپرز نے حملہ کر دیا ہے ، گولہ باری کی آواز بھی سنائی دی جسے ہم نے گھر کی چھت پر جا کر دیکھا ، میں نے اس وقت اپنے والدین کا چہرہ دیکھا تو ان پر خوف طاری تھا ، میرے کزنز نے گھر میں ایک مورچہ بنا لیا اور رات کو اپنی ہی فیملی کے بندے پر غلطی سے فائرنگ کر دی ، تاہم وہ محفوظ رہا ،وزیر اعظم نے کہاکہ میں بھی گھر میں موجود بندوق اٹھا کے جب اپنے کزنز کے پاس پہنچا تو انہوں نے مجھے یہ کہہ کر واپس بھیج دیا کہ تم ابھی چھوٹے ہو واپس گھر جائو ، اس وقت مجھے اپنے اوپر بہت غصہ آیا ۔یوم دفاع کی مرکزی تقریب کے حاضرین کو بتایا کہ اگر میں کرکٹ کی طرف نہ جاتا تو ریٹائرڈ فوجی ہو تا ،مجھے بچپن سے فوج میں جانے کا شوق تھا۔