وزیر خارجہ کا 29ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب جاندار ہوگا

وزیر خارجہ کا 29ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب جاندار ہوگا

دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے بیانیے اور قربانیوں سے دنیا کو آگاہ کرینگے مذاکرات سے بھارتی انکار،دھمکیوں، کشمیر میں مظالم کا معاملہ اٹھائیں گے ،ذرائع

اسلام آباد(رپورٹ: نوید اکبر)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 29ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے وزیر خارجہ کی تقریر کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، خطاب جاندار ہو گا جس میں عالمی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی معاملات پر پاکستان کا موقف بیان کیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں وزیر خارجہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے بیانیہ سے جنرل اسمبلی کے اراکین کو آگاہ کریں گے ، اس کے علاوہ آپریشن ضرب عضب، آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں، آپریشن خیبر فور کے حوالے سے عالمی برادری کو اعتماد میں لیں گے اور پاکستان کی کامیابیوں و قربانیوں سے آگاہ کریں گے ۔ وہ افغانستان کے مسئلے کے فوجی حل کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے حل کے لئے علاقائی کوششوں کی حمایت کی بات کریں گے ۔ وزیرخارجہ مذاکرات سے بھارتی انکار اور بھارتی آرمی چیف کے خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے والے بیانات کا معاملہ اٹھائیں گے ۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ کو بھی اجاگر کریں گے ، اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اقوام متحدہ کی ناکامی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کے نئے دور کا تفصیلی ذکر کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں