وزیراعظم عمران خان پیر کو پھرسعودی عرب جائیں گے

وزیراعظم عمران خان پیر کو پھرسعودی عرب جائیں گے

وزیر اعظم کو مہاتیر محمد کا فون ، دونوں رہنماؤں نے دورے کی دعوت قبول کر لی

لاہور، اسلام آباد (دنیا نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول سے بچنے کے لیے دوست ممالک سے رابطوں کا سلسلہ تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وہ پیر 22 اکتوبر کو دوسری مرتبہ سعودی عرب جائیں گے ۔آئندہ ماہ چین کے دورے سے قبل وزیر اعظم کا سعودی عرب کا یہ ہنگامی دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہو گا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر چہ وزیر اعظم کو سعودی عرب کی جانب سے اس دورے کی دعوت دی گئی ہے تاہم اس موقع پر انھیں اقتصادی امور پر سعودی قیادت سے مشاورت کا ایک اہم موقع ملے گا، سعودی حکومت نے وزیر اعظم کو سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے ، جو22 اکتوبر کو ریاض میں منعقد ہورہی ہے ۔ کانفرنس میں سعودی فرمانروا ریفارمز ایجنڈے کے متعلق کانفرنس کو بریف کرینگے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کے متعلق صلاح مشورہ کیا جارہا ہے ، عمران خان کے ہمراہ ایک وفد بھی سعودی عرب جائے گا ،دورہ میں وزیر اعظم کی اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی،جن میں سیاسی،اقتصادی و باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاکستان سعودی عرب سے مالی معانت کے حصول پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ادھر وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ ملائیشیا کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ۔ جواباًڈاکٹر مہاتیر محمد نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی جوانھوں نے قبول کر لی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر مہاتیر محمد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا، دونوں رہنماؤں نے الیکشن میں کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے ۔ دوسری طرف متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح کے 22 رکنی وفد نے دورہ پاکستان ملتوی کردیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیرخزانہ اسد عمر سے شیڈول ملاقات میں عرب امارات کے وفد سے ادھار تیل لینے پر مذاکرات ہونے تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی آج قطری وزیرخارجہ سے ملاقات طے ہے جس کے باعث عرب امارات کے وفد نے دورہ ملتوی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں