نیب : 50 کروڑ کی پلی بارگین منظور

نیب : 50 کروڑ کی پلی بارگین منظور

سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے داماد علی عمران کی مشکلات میں مزید اضافہ ،کرپشن کیس کے مرکزی ملزم نے نیب سے 49کروڑ92لاکھ روپے کی پلی بارگین کر لی۔

(محمد ثقلین جاوید) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں کروڑوں روپے کے کرپشن کیس میں مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی ۔سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید نے 49 کروڑ 92 لاکھ ایک ہزار 392 روپے کی پلی بارگین کی درخواست دی ،چیئر مین نیب کی طرف سے پلی بارگین کی منظوری کے بعد حتمی منظوری کے لئے احتساب عدالت میں درخواست پیش کر دی گئی ۔علی عمران پر بھی اکرام نوید سے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے جس میں عدالت 11اکتوبر کو علی عمران کی تمام جائیداد قرق کرنے کا حکم دے چکی ہے ۔ملزم اکرام نویدنے دوران سروس تین مختلف جگہوں پر تعیناتیوں کے دوران قومی خزانے کو 49 کروڑ 92 لاکھ 1ہزار 328 روپے کا نقصان پہنچایا۔ملزم کی طرف سے پی ایل ڈی سی ایل میں 23کروڑ27لاکھ 86ہزار295روپے کی کرپشن کا اعتراف کیا گیا ،ایرا میں 20کروڑ 83لاکھ43ہزار746روپے کی کرپشن کی ۔پی ایچ اے میں 3کروڑ 72لاکھ50ہزار3سو روپے غیر منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں ایک کروڑ 77لاکھ96ہزار2سو جبکہ منقولہ جائیداد سے منافع کی مد میں 30لاکھ 24ہزار 851روپے کی رقم حاصل کرنے کا اعتراف کیا ۔ ملزم نے اپنے بیٹے کے نام پر 122کنال تین مرلے زرعی اراضی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر جائیداد بھی دینے کا معاہدہ کیا ہے ۔نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست پیش کی ۔ عدالت کے روبرو نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے بتایا کہ ملزم کی پلی بارگین کی درخواست چیئر مین نے منظور کرلی ہے ۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید نے پنجاب انرجی ڈویلپمنٹ کارپوریشن میں تعیناتی کے دوران قومی خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔اینٹی کرپشن نے ملزم اکرام نوید اور اس کی اہلیہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔جس کے بعد یہ کیس نیب میں منتقل ہوا ۔ سابق چیف فنانس آفیسر اکرام نوید پر الزام ہے کہ اس نے اپنی تعیناتی کے دوران اختیارات کاناجائز استعمال کیا،ملزم نے کاسمک کنسلٹنٹ کو غیر قانونی ادائیگیاں کیں حالانکہ ان کے پاس کوئی ٹھیکہ بھی نہیں تھا۔جس پر اکرام نوید اور عمر شمشاد ثمینہ سمیت دیگر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم نے کرپشن کی رقم سے اپنی اہلیہ اور بچوں کے نام پر جائیدادیں خریدیں۔اس مقدمے میں اکرام نوید اسکی اہلیہ، برادر نسبتی سمیت دیگرملزمان شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں