وزیر اعظم کا دورہ سیالکوٹ ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر ڈی پی او عہدوں سے فارغ
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سیالکوٹ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر محمد طاہروٹو
لاہور،سیالکوٹ (نامہ نگار سے ،کرائم سیل ،نمائندہ دنیا)وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سیالکوٹ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر محمد طاہروٹو اور ڈی پی او سیالکوٹ عبد الغفار قیصرانی کو عہدوں سے فارغ کر دیا ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلی نے ٰ پروٹوکول کے بغیر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عمر ڈار اور صوبائی وزیر خصو صی ایجوکیشن اخلاق احمد چودھری کے ہمراہ سیالکوٹ شہر کا اچانک دورہ کیا اور اس دوران ایمن آباد روڈ سے سرکلر روڈ اور خواجہ صفدر روڈ پر ٹریفک بری طرح جام تھی اور ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی تھی جس کی بنا پر دونوں افسر وں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ۔محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے تقرروتبادلہ کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے 18 گریڈ کے افسر محمد طاہر وٹو کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا ۔ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی کو ناقص سکیورٹی انتظامات پر او ایس ڈی کیا گیا ۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق وزیرا عظم عمران خان کی کرتارپور تقریب سے سیالکوٹ واپسی پر روانگی کے وقت چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب جاوید سلیمی وفاقی حکومت کی طرف سے فراہم کئے گئے 2ہیلی کاپٹروں میں سے ایک میں سوار ہوگئے حالانکہ انہو ں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہونا تھا جس پر پائلٹ نے آئی جی پنجاب سے کہا کہ وہ ہیلی کاپٹر مکینک کی نشست پر بیٹھ گئے ہیں ہیلی کاپٹر میں پہلے ہی زیادہ مسافر سوار ہیں ایسی صورت میں مکینک کے بغیر ہیلی کاپٹر اڑایا نہیں جاسکتا ، جس پر آئی جی پنجاب ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ ہیلی کاپٹر سے اتر گئے اور آئی جی پنجاب فون پر مصروف ہو گئے اور ڈی سی او اور ڈی پی او سیالکوٹ پر برہم ہوئے اور کہا کہ ان دونوں نے ان کو ہیلی کاپٹر بارے آگاہ نہیں کیا کہ وہ پنجاب حکومت کی بجائے وفاقی حکومت کے ہیلی کاپٹر میں سوار ہورہے ہیں بعد ازاں دونوں افسروں کو عہدوں سے ہٹادیا گیا۔