نیب کا سعدرفیق کی اہلیہ کو شامل تفتیش کرنیکا فیصلہ
گجرات سکینڈل ، ملوث دو ڈی پی اوز کو واپس ملک لانے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ
لاہور(راحیل سید ) نیب لاہور نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی میں گرفتار خواجہ سعد رفیق کی اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ گجرات پولیس سکینڈل میں مبینہ طورپر ملوث دو سابق ڈی پی او ز کو بیرون ملک سے واپس بلانے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے ،سابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن مظفر رانجھا کے خلاف کرپشن کا کیس عدم ثبوت کی بناپر بند کرنے کی درخواست کر دی گئی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کی اہلیہ پیرا گون ہائوسنگ کمپنی میں بطور ڈائریکٹر شامل تھیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جبکہ ریلوے میں مہنگے خرید ے گئے انجنوں کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں جس میں خواجہ سعدرفیق نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایک انجن 40 کروڑ کا خریدا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گجرات پولیس کے فنڈز میں 72 کروڑ کی خورد برد کی گئی ہے ،سابق ڈی پی او رائے اعجاز گرفتار ہیں ان کے والد رائے ضمیر مفرور ہیں جبکہ دو ڈی پی او ز سہیل ظفر چٹھہ اور کامران کوبیرون ملک سے واپس بلانے کے لئے نیب نے وزارت داخلہ سے رابطہ کر لیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مونس الہٰی اور عبدالعلیم خان کے خلاف آف شور کمپنیوں کے کیس میں بیرون ممالک سے تفصیلات مانگی گئی ہیں جوا بھی تک موصول نہیں ہوئی ہیں،چودھری برادران کے بیرون ملک کاروبار اور اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔