ٹوائلٹ استعمال نہ کریں جے ہند

ٹوائلٹ استعمال نہ کریں جے ہند

انڈیا کی قومی فضائی سروس 'ایئر انڈیا' نے اپنی پروازوں پر کام کرنے والے عملے سے کہا کہ وہ دوران پرواز تمام اعلانات کے بعد قدرے ٹھہر کر 'جے ہند' بھی کہیں۔ایئر انڈیا کے اس اعلان سے سوشل میڈیا پر ہلچل نظر آ رہی ہے

(بی بی سی ) انڈیا کی قومی فضائی سروس 'ایئر انڈیا' نے اپنی پروازوں پر کام کرنے والے عملے سے کہا کہ وہ دوران پرواز تمام اعلانات کے بعد قدرے ٹھہر کر 'جے ہند' بھی کہیں۔ایئر انڈیا کے اس اعلان سے سوشل میڈیا پر ہلچل نظر آ رہی ہے ۔ایئر انڈیا نے عملے کو جو ہدایات جاری کی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ وہ ہر اعلان کے بعد یہ فقرہ 'قدرے توقف کے ساتھ جوش سے کہیں۔اس کے بعد سوشل میڈیا پر دوران پرواز ہونے والے خیالی اعلانات کے ساتھ 'جے ہند' والے ٹویٹ کا سلسلہ چل نکلا۔تاہم بعض لوگوں نے یہ سوال بھی کیا کہ آیا وطن پرستی کا اظہار خسارے کی شکار اس ایئر لائنز کے لیے درست ہے ۔ایئر انڈیا بہت زیادہ قرضے میں ڈوبی ہوئی ہے اور 2007 کے بعد سے یہ منافع نہیں کما رہی، جبکہ حکومت نے اسے جزوی طور پر فروخت کرنے کی کوشش بھی کی جو کہ ناکام رہی کیونکہ حکومت کو کوئی خریدار نہ ملا۔انڈیا کی جانب سے فضائی حملے اور اس کے نتیجے میں ایک انڈین پائلٹ کے پکڑے اور پھر پاکستان کی طرف سے اسے رہا کئے جانے سے وطن پرستی کا جذبہ اپنے عروج پر ہے جسے قومی اور سوشل میڈیا نے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔بعض ٹویٹر صارفین نے ایئر انڈیا کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جبکہ بعض نے اس کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا کہ ہر اعلان کا خاتمہ 'جے ہند' سے کرنا کتنا مضحکہ خیز ہوگا۔ایک ٹویٹر صارف نے تو یہ تجویز تک دے ڈالی کہ جو مسافر سب سے زیادہ زور سے 'جے ہند' کا 'جے ہند' سے جواب دے اسے مفت میں اپ گریڈ کیا جائے ۔انڈیا کی قدیم ترین کمرشل ایئر لائن پر ایک عرصے سے اپنی سہولیات اور پرانے طیاروں کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے ۔اسی لیے ٹویٹر صارفین نے ایئر لائن کی پرواز میں تاخیر اور رد ہونے کے اعلانات کا مذاق اڑانے کا موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔دھرو راٹھی نامی ایک صارف نے لکھا: 'خواتین و حضرات، ہم خراب موسم سے گزر رہے ہیں، اپنی سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔ جے ہند!'برائے مہربانی اب ٹوائلٹ کا استعمال نہ کریں، جے ہند! ۔۔۔'

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں